یو این آئی
غزہ// غزہ سٹی میں اقوام متحدہ کے کلینک پر اسرائیل کی طرف سے حملہ کیا گیا۔اقوام متحدہ کا یہ کلینک اب فلسطینی خاندانوں کے لیے انخلا اور عارضی پناہ کا مرکز بن چکا ہے ۔اسرائیل، فلسطینی خاندانوں کے لیے نام نہاد محفوظ مقامات کو مسلسل محدود کر رہا ہے جنہیں اب غزہ سٹی کے مغربی کنارے ، سمندر کے بالکل قریب کے علاقے تک محدود کر دیا گیا ہے ، پورے غزہ میں فوجی کارروائیاں بدستور جاری ہیں۔اسرائیلی حملوں میں کم از کم 83 فلسطینی مارے گئے ۔غزہ کے شہری دفاع کے ترجمان محمود بسل نے چین کی خبر رساں ایجنسی ژنہوا کو بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں شمالی، وسطی اور جنوبی غزہ میں امداد کے منتظر 58 افراد شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حملوں میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں اور انہیں علاج کے لیے غزہ کے اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے ۔ ادھرغزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی نے بتایا ہے کہ وسطی غزہ کی پٹی میں واقع النصیرات مہاجر کیمپ کے قریب امدادی سامان لے جانے والا ایک ٹرک الٹنے سے 20 فلسطینی ہلاک ہو گئے۔
رپورٹ کے مطابق غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی کے ترجمان محمود بصل نے بتایا کہ گزشتہ شب ایک امدادی ٹرک الٹنے سے 20 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے، یہ واقعہ اس وقت پیش ا?یا، جب سیکڑوں شہری امداد کے انتظار میں موجود تھے۔حماس نے اسرائیل پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ ٹرک ڈرائیورز کو غیر محفوظ راستے اختیار کرنے پر مجبور کر رہا ہے، تاکہ وہ امدادی مراکز تک پہنچ سکیں۔حماس کے میڈیا دفتر نے ایک بیان میں کہا کہ اس کے نتیجے میں اکثر مایوس شہری بڑی تعداد میں ٹرکوں پر ٹوٹ پڑتے ہیں۔دریں اثنا، اردن نے کہا کہ اسرائیلی آبادکاروں نے ایک غزہ جانے والے امدادی قافلے پر حملہ کیا، جو چند دنوں میں دوسری بار ایسا واقعہ ہے، اردن نے اسرائیل پر الزام لگایا کہ وہ ان حملوں کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کر رہا۔اردنی حکومت کے ترجمان محمد المومنی نے ’رائٹرز‘ کو بتایا کہ امدادی قافلہ (جو 30 ٹرکوں پر مشتمل تھا) معاہدوں کی خلاف ورزی کے نتیجے میں تاخیر کا شکار ہوا۔مومنی نے کہا کہ اس معاملے میں اسرائیل کی سنجیدہ مداخلت اور ان افراد کے خلاف سخت کارروائی کی ضرورت ہے جو ان امدادی قافلوں کو روکنے کی کوشش کرتے ہیں۔غزہ میں مقیم محکمہ صحت کے افسران نے بتایا کہ 18 مارچ کو اسرائیل کی جانب سے غزہ پر دوبارہ شدید حملوں کے بعد سے کم از کم 9,519 فلسطینی ہلاک اور 38,630 دیگر زخمی ہو چکے ہیں۔ اس کے بعد سے اکتوبر 2023 سے غزہ میں اسرائیلی آپریشن میں ہلاک ہونے والے فلسطینیوں کی کل تعداد 61,020 اور زخمی ہونے والوں کی تعداد 150,671 ہو گئی ہے ۔افسران نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں تغذیئے کی کمی اور غذائی قلت کی وجہ سے آٹھ نئی اموات ریکارڈ کی گئیں، جس سے اکتوبر 2023 سے اب تک ایسی اموات کی کل تعداد 188 ہو گئی، جن میں 94 بچے بھی شامل ہیں۔