یو این آئی
یروشلم// اسرائیلی فورسز نے جنوبی غزہ کی پٹی کے شہر خان یونس میں ایک آپریشن کے دوران 2000 سے زیادہ فلسطینی جنگجوؤں کو ہلاک کر دیا ہے ۔اسرائیلی ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) کے ترجمان آرڈی ایم ایل ڈینیئل ہگاری نے کہا، ‘‘حالیہ ہفتوں میں، آئی ڈی ایف کے جوان حماس بٹالین کے فوجی انفراسٹرکچر کو تباہ کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں،” ہم پہلے ہی مشرقی خان یونس میں حماس کی دو بٹالین کو تباہ کر چکے ہیں اور اب ہم مغرب کی طرف بھی ایسا ہی کرنے جا رہے ہیں۔ “آپریشن میں بہت سے کمانڈر مارے گئے ہیں اور بہت سے فرار ہو گئے ہیں، کچھ نے ہتھیار ڈال دیے ہیں، یا گرفتار کر لیے گئے ہیں۔”انہوں نے پریس کانفرنس میں کہا کہ پورے خان یونس میں ہم نے 2 ہزار سے زائد جنگجوئوں کو ہلاک کیا ہے ۔اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ غزہ کی پٹی پر اسرائیلی جارحیت کے بعد سے تین ماہ کے دوران حماس کے تقریباً 9000 جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا ہے ۔ مختلف اندازوں کے مطابق حماس کے فوجیوں کی کل تعداد 30000 سے 40000 کے درمیان ہے ۔قابل ذکر ہے کہ 7 اکتوبر 2023 کو غزہ کی پٹی پر کنٹرول کرنے والی فلسطینی تنظیم نے اسرائیل کے خلاف بڑے پیمانے پر راکٹ حملہ کیا اور اسرائیلی سرحد میں داخل ہو کر 1200 سے زائد افراد کو ہلاک اور 240 کے قریب اغوا کر لیا۔ اسرائیل نے جوابی حملے شروع کیے ، غزہ کی مکمل ناکہ بندی کا حکم دیا۔