جموں//ماہ مبارک کے آغاز کے ساتھ ہی شہر کی مساجد کو سجا دیا گیا ہے ، مختلف دینی پروگرام ترتیب دئیے جا رہے ہیں ۔ جہاں تقریباً سبھی مساجد میں تروایح میں قرآن سنانے کے لئے حفاظ کرام کی خدمات حاصل کی گئی ہیں وہیں قرآن کی مفصل و مختصر تفسیر کیلئے بھی پروگرام مرتب ہیں۔ بٹھنڈی موڑ کی ہاشمی مسجد میں امام اور موذن کی طرف سے تراویح کے دوران قرآن سنایا جائے گا تو وہیں فجر کے بعد تروایح میں سنائے گئے قرآن کا مختصر خلاصہ پیش ہوگا۔ امام مسجد مفتی محمد آصف میر کے مطابق قرآن کریم کا مختصر ترجمہ سنانے سے نمازیوں کے ذوق و شوق میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ ہر روز نماز عصر کے بعد بخاری شریف کا درس ہوگا جب کہ ظہر کے بعد درس کا اہتمام کیا جا رہا ہے ۔ اسی طرح دیگر مساجد میں بھی قرآن کی تفسیر ، درسِ حدیث اور دین کی بنیادی باتوں کی تعلیم دئیے جانے کا اہتمام ہے ۔ مکہ مسجد اور جامع مسجد گاندھی نگر سمیت کئی مساجد میں صائمین کیلئے افطاری کا نظم بنایا گیا ہے جو پورے ماہ جاری رہے گا۔