نئی دہلی// اداکار اور بی جے پی رکن پارلیمنٹ پریش راول نے کشمیر میں سنگ باری کے معاملے پر متنازعہ ٹویٹ کر مصنفہ اروندھتی رائے کو نشانے پر لیا ہے۔ پریش نے اپنے ٹویٹ میں اروندھتی رائے کے بارے میں تبصرہ کیا، 'جس طرح فوج کے ذریعہ ایک کشمیری نوجوان کو جیپ کے آگے باندھنے کا متنازعہ ویڈیو سامنے آیا تھا، اسی طرح اروندھتی رائے کو بھی جیپ کے آگے باندھنا چاہئے۔پریش نے اروندھتی کے کشمیر سے متعلق کچھ پرانے ٹویٹ / بیانات کی بنیاد پر یہ بات کہی ہے، حالانکہ اروندھتی نے یہ بیان دیے تھے یا نہیں ابھی اس کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ اپنے ٹویٹ میں پریش لکھتے ہیں، "پتھربازوں کو جیپ کے آگے باندھنے کی بجائے اروندھتی رائے کو باندھا جانا چاہئے۔ پریش کا غصہ اروندھتی کے ایک بیان کو لے کر ہے، جس کے مطابق اروندھتی نے کہا، "ہندوستان کتنی ہی فوج لگا لے، لیکن حالات سدھریں گے نہیں۔"پریش راول کے اس ٹویٹ پر ٹویٹر پر ہنگامہ مچ گیا ہے۔ کچھ لوگ اس کی مخالفت کر رہے ہیں، وہیں کچھ پریش کی حمایت کرتے ہوئے بھی نظر آئے۔ ایک ٹویٹر صارف نے اروندھتی کے ساتھ ساگرکا گھوش کو باندھنے کا ذکر کیا تو پریش راول نے کہا کہ ہمارے پاس کئی سارے متبادل ہیں۔