کراچی//اردو کے معروف مزاح نگار مشتاق احمد یوسفی 95 برس کی عمر میں بدھ کو کراچی میں انتقال کر گئے ۔ وہ طویل عرصے سے علیل تھے۔ان کی نماز جنازہ جمعرات کو کراچی کے ڈ یفنس فیز 5 کی سلطان مسجد میں ادا کی گئی۔مشتاق یوسفی کے دستاویزات کے مطابق ان کی تاریخ پیدائش چار اگست 1923 ہے اور وہ راجھستان میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے تقسیم ہند کے بعد پاکستان ہجرت کی اور کراچی میں سکونت اختیار کی۔پاکستان کے مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق مشتاق احمد یوسفی کو ادب میں نمایاں کارکردگی پر حکومت پاکستان کی جانب سے 1999 میں ستارئہ امتیاز اور 2002 میں ہلال امتیاز سے نوازا گیا۔ مشتاق احمد یوسفی نے آگرہ یونیورسٹی سے فلسفے میں ایم اے کیا جس کے بعد انھوں نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے ایل ایل بی کیا۔مشتاق احمد یوسفی کئی کتابوں کے مصنف ہیں۔ ان کی مشہور کتانوں میں چراغ تلے، خاکم بدہن، زرگذشت، آب گم اور آخری کتاب شام شعریاراں شامل ہے۔