عظمیٰ نیوز سروس
ادھم پور//مرکزی وزیر اور ادھم پور لوک سبھا حلقہ کے بی جے پی امیدوار ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ضلع ادھم پور کے مختلف حصوں میں سڑک کنارے اجتماعات اور عوامی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جس نے بھی 2014 سے پہلے ادھم پور کا دورہ کیا ہے اُس کو اس سے پہلے اور بعد کے دور میں ہوئی تعمیر و ترقی کا بخوبی اندازہ ہو گا ۔انہوں نے کہاکہ تبدیلی جو 2014 سے 2024 تک وزیر اعظم نریندر مودی کی سربراہی میں حکومت نے لائی ہے اُس کی مثال نہیں ملتی ۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ چھوٹی بستی، جن میں پیدل چلنے والوں کیلئے فٹ پاتھ بھی نہیں تھے اب ایسی بستیوں میں بھی رابطہ سڑکیں پہنچ رہی ہیں ۔ ادھم پور اب پی ایم جی ایس وائی دیہی سڑکوں کی تعمیر میں ملک کے سرفہرست تین اضلاع کے طور پر ابھرا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کسی زمانے میں مریضوں کو ایک جگہ سے یا تو پیدل یا پالکی میں لے جایا جاتا تھا، خاص طور پر ادھم پور کے بالائی علاقوں میں، لیکن آج وہی جگہیں کنکریٹ کی سڑکوں سے جڑی ہوئی ہیں اور لوگ گاڑی چلاتے ہوئے نظر آتے ہیں۔موصوف نے کہاکہ اودھم پور ملک کا پہلا ضلع تھا جس نے آیوشمان کارڈ یا ہیلتھ انشورنس جاری کرنے میں تقریباً 100فیصدسیچوریشن حاصل کی ہے۔ اسی طرح وکشت بھارت کی طرف سے کئے گئے تقریباً تمام اقدامات نے سو یا 100فیصدکے قریب سیچریشن حاصل کی ہے۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ پی ایم مودی کی طرف سے نوجوانوں کو یکساں مواقع اور برابری کا میدان فراہم کرنے کے بعد ان کی خواہشات پوری ہو گئی ہیں۔ نتیجے کے طور پر، آج یہاں کے لڑکے اور لڑکیاں میٹرو شہروں میں جا رہے ہیں اور وہاں اپنے ہم منصبوں سے مقابلہ کر رہے ہیں تاکہ وہ اپنے کیرئیر میں جگہ بنا سکیں۔مرکزی وزیر نے کہاکہ کچھ ناقدین کہتے ہیں کہ وہ 10 سالوں میں کوئی ترقی نہیں دیکھ سکتے لیکن ساتھ ہی ساتھ پچھلے 10 سالوں میں لگائے گئے تمام نئے پروجیکٹوں کی افادیت سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہاکہ مودی حکومت نے سڑک کے ذریعے سفر کا وقت کم کرنے کے لئے مرکزی فنڈ سے چلنے والے میڈیکل کالج اورچنینی سے ناشری تک مکھرجی ٹنل دیا۔وزیر موصوف نے کہا کہ پہلے ادھم پور کو ’پیدل چلنے والوں کی جگہ‘کے طور پر جانا جاتا تھا اور وہاں ڈوگری لوک گیت ’اْدھم پور دیاں تکیاں‘ لکھے جاتے تھے لیکن مودی حکومت کے دور میں ادھم پور پی ایم جی ایس وائی سڑک کی تعمیر میں ملک کے سب سے اوپر تین اضلاع کے طور پر ابھرا ہے۔انہوں نے کہاکہ ملک کے 700 سے زیادہ اضلاع میں، ادھم پور سرفہرست تین اضلاع میں سے ایک بن گیا ہے۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے مزید بتایا کہ ضلع میں اب اپنا ریڈیو اسٹیشن ہے جس کے لئے 1965 میں مطالبہ کیا گیا تھا، لیکن اس حقیقی مطالبہ کو سابقہ حکومت نے کبھی پورا نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہی نہیں، اب ادھم پور میں پاسپورٹ آفس ہے۔موصوف نے کہا کہ یہ حلقہ مستقبل قریب میں سیاحتی اور مذہبی یاتریوں کی منزل کے ساتھ ساتھ سیکھنے کا مرکز بننے کے لیے تیار ہے۔ڈوڈہ ضلع کے بھدرواہ علاقے میں لیوینڈر انقلاب کی کامیابی کے بارے میں بات کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے بتایا کہ اس کی کامیابی کے بعد اب اس کی کاشت اودھم پور کے بسنت گڑھ-ڈوڈو علاقے میں کی جا رہی ہے۔وزیر موصوف نے اعتماد ظاہر کیا کہ آئندہ عام انتخابات میں نریندر مودی 400 سیٹوں کے ساتھ اقتدار میں واپس آئیں گے، ادھم پور- کٹھوعہ- ڈوڈہ لوک سبھا سیٹ کے ووٹر 4 لاکھ پلس ریکارڈ مارجن سے ایک نیا ریکارڈ قائم کرنے جا رہے ہیں۔