محمد تسکین
بانہال// بسنت گڑھ ادہم پور میں پیش آئے ایک سڑک حادثے میں سی ار پی ایف کے3 اہلکار ہلاک جبکہ 15دیگر زخمی ہوئے۔یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب سی آر پی ایف 187 ویں بٹالین کی گاڑی کدوا بسنت گڑھ کے قریب سڑک سے لڑھک کر نیچے گہری کھائی میں گر گئی۔ زخمی اہلکاروں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے فوج کے کمانڈ ہسپتال ادہمپور منتقل کیا گیا ہے ۔بتایا جاتا ہے کہ سی آر پی ایف کی اس بنکر گاڑی میں18 اہلکار سوار تھے۔ گاڑی میں سوار اہلکار بسنت گڑھ علاقے میں ملی ٹینسی مخالف آپریشن کے بعد واپس آرہے تھے۔پولیس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ حادثے کے فورا ًبعد مقامی لوگوں اور نزدیکی پولیس پارٹی کی طرف سے بچائو کارروائی کا آغاز کیا گیا اور زخمیوں کو گہری کھائی سے باہر نکالنے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ گاڑی میں سوار دو زخمی اہلکاروں نے موقع پر ہی دم توڑ دیا تھا جبکہ ہسپتال لیجاتے ہوئے ایک اور زخمی دم توڑ بیٹھا ۔ ضلع انتظامیہ کی درخواست پر ایک ہیلی کاپٹر کے ذریعے 16 زخمیوں کو فوج کے کمانڈ ہسپتال ادہمپور منتقل کیا گیا جہاں وہ زیر علاج ہیں ۔مقامی لوگوں نے پی ایم جی ایس وائی کے زیر تعمیر بسنٹ گڑھ ۔ کدوا رابط سڑک کے ادھورے کام کے خلاف اپنی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اس سڑک کو مکمل کرنے کی حکام سے اپیل کی ہے تاکہ مبینہ سڑک کی خرابی کے باعث ایسے خوفناک سڑک حادثات سے بچا جا سکے ۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے سماجی رابطہ گاہ ایکس پر ایک پیغام میں کہا کہ ادھم پور کے قریب حادثے میں سی آر پی ایف اہلکاروں کی ہلاکت پر دلی افسوس ہے۔ ایل جی نے مزید کہا کہ قوم کے تئیں ان کی مثالی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔حادثے کے فورا ًبعد مرکزی وزیر مملکت اور ممبر پارلیمنٹ ادہمپور نشست ڈاکٹر جیتندر سنگھ نے ایکس پر ایک پوسٹ میں اس حادثے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ذاتی طور پر صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔زخمیوں کی عیادت کیلئے ڈی سی ادہمپور اور انسپکٹر جنرل سی آر پی ایف نے کمانڈ ہسپتال کا دورہ کیا اور زخمی اہلکاروں کے بارے میں ڈاکٹروں سے جانکاری لی ۔