عظمیٰ نیوز سروس
جموں//ادہم پور میں ملی ٹینٹوں اور فوج کے درمیان ایک مسلح تصادم آرائی میں ایک فوجی اہلکار ہلاک جبکہ 2زخمی ہوئے۔پولیس نے بتایا کہ24آر آر اور پولیس نے ہفتہ کی صبح ادھم پور ضلع میں ایک دور افتادہ جنگلاتی علاقے میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کے بعدمشترکہ تلاشی کارروائی دوبارہ شروع کی۔پولیس نے بتایا کہ جمعہ کی شام دیر گئے جب ملی ٹینٹوں نے ادھم پور کے ڈوڈو-بسنت گڑھ علاقے میں سیوج دھر جنگلاتی سرحد پر فوج اور جموں و کشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ کی مشترکہ تلاشی پارٹی پر گولی چلائی۔ اس واقعہ میں 3فوجی اہلکار شدید زخمی ہوئے جن میں سے ایک اہلکارہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔تصادم کے مقام کے آس پاس کے علاقے کو رات کے وقت سخت گھیرے میں رکھا گیا تھا اور ہفتہ کی صبح مشترکہ تلاشی آپریشن دوبارہ شروع کیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ دو سے تین ملی ٹینٹوں کے جنگل کے علاقے میں چھپے ہونے کا شبہ ہے۔افسروں نے بتایا کہ ڈرون اور سنیففر کتوں سے لیس کمک ادھم پور اور ڈوڈہ دونوں اطراف سے روانہ کی گئی اور آخری اطلاعات موصول ہونے پر بڑے پیمانے پر تلاشی مہم چلائی گئی۔تاہم، اب تک ملی ٹینٹوں کے ساتھ کوئی نیا رابطہ نہیں ہوا۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے لانس دفادار بلدیو چند کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے کانجی، ادھم پور میں جاری آپریشن میں عظیم قربانی دی۔انہوں نے کہا کہ”بہادر لانس دفادار بلدیو چند کی ناقابل تسخیر جرات کو سلام، جنہوں نے اودھم پور میں آپریشن کے دوران قوم کے لیے عظیم قربانی دی۔