عظمیٰ نیوز سروس
ادھم پور//ادھم پور شہر کے آدرش کالونی علاقے میں ایک مسجد کے پانی کے ٹینک میں ڈوب کر ایک 8 سالہ لڑکا فوت ہوگیا۔ لڑکے کی شناخت محمد رضوان وانی ولد محمد رفیع وانی سکنہ ضلع رام بن کے بٹوٹ علاقے کے طور پر ہوئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ لڑکا اپنی سائیکل پر آدرش کالونی کی جامع مسجد میں نماز پڑھنے کے لئے گھر سے نکلا تھا اور واپس نہیں آیا۔لڑکے کے ایک رشتہ دار نے بتایا کہ ’’غروب آفتاب کے بعد جب لڑکا واپس نہیں آیا تو اس کے والدین نے اسے ڈھونڈنا شروع کیا اور جامع مسجد پہنچے جہاں انہیں اس کی سائیکل باؤنڈری وال کے باہر ملی۔ وہ دکانداروں اور مسجد انتظامیہ سے پوچھ تاچھ کرتے رہے اور انہیں پانی کے ٹینک کے قریب کچھ نشانات ملے‘‘۔حکام نے بتایا کہ لڑکے کو فوری طور پر گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) ادھم پور لے جایا گیا جہاں پہنچنے پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ اصل میں رام بن کے بٹوٹ علاقے سے تعلق رکھنے والے لڑکے کا خاندان پچھلے کچھ سالوں سے آدرش کالونی میں کرائے کے مکان میں رہ رہا تھا۔ لڑکے کی میت کو آخری رسومات کے لئے آبائی گاؤں لے جایا گیا۔