عظمیٰ نیوز سروس
ادھم پور//ڈسٹرکٹ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس ڈپارٹمنٹ ادھم پور کے زیر اہتمام ڈین آف شٹلرز کلب کے تعاون سے پانچ روزہ کھلا چوتھا ایڈیشن بیڈمنٹن ٹورنامنٹ منی اسٹیڈیم میں اختتام پذیر ہوگیا۔ٹورنامنٹ میں ضلع بھر سے کل 195 شرکاء نے حصہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر سلونی رائے مہمان خصوصی تھے جبکہ پارس تھاپا کمانڈنٹ آئی ٹی بی پی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی نے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس تقریب کا مقصد خاص طور پر نوجوانوں میں منشیات کے استعمال کو روکنے کے لئے ضروری اقدامات کرنے کی اہمیت کے بارے میں آگاہی پھیلانا تھا۔ڈی سی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ضلع انتظامیہ ادھم پور میں منشیات سے پاک ماحول پیدا کرنے کے لئے پرعزم ہے اور یقین دلایا کہ اس مقصد کے حصول کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے شرکاء کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنی جسمانی اور ذہنی تندرستی کیلئے کھیلوں میں مشغول رہیں۔ڈی سی نے حوصلے بلند کرنے اور شرکاء میں سپورٹس مین شپ کا جذبہ پیدا کرنے کے لئے منتظمین کے اقدام کو سراہا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس طرح کے ٹورنامنٹ نوجوانوں کو کھیلوں کی طرف راغب کریں گے۔ڈی سی نے شرکاء سے بھی بات چیت کی اور ان پر زور دیا کہ وہ اپنی مجموعی ترقی کے لئے کھیلوں کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔