عظمیٰ نیوزڈیسک
ادھم پور//جموں وکشمیر کے ادھم پور ضلع کے بٹل علاقے میں گاڑی گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں ایک مسافر جاں بحق جبکہ 14دیگر زخمی ہوئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق ادھم پور کے بٹل علاقے میں اتوار کے روز گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر دو سو فٹ گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 15مسافر زخمی ہوئے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ جائے موقع پر پہنچے اور زخمیوں کو طبی امداد کی خاطر نزدیکی ہسپتال پہنچایا جہاں ڈاکٹروں نے ایک کو مردہ قرار دیا۔ذرائع نے بتایا کہ زخمیوں میں سے کئی ایک کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔دریں اثنا پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ۔حادثے کے بعدلوگوں نے شدید احتجاج کیا ۔مظاہرین نے جموں وکشمیر پولیس او ر ٹریفک حکام کیساتھ ساتھ انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔سابقہ ایم ایل اے رنبیر پٹھانیہ نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ مذکور ہ رابطہ سڑک پر ٹریفک کی بد انتظامیہ کی وجہ سے عام لوگوں کی پریشانیاںمسلسل بڑھتی جارہی ہیں ۔مقامی لوگوں نے مناسب انفراسٹرکچر، نفاذ اور آگاہی کی کمی کو اہم عوامل بتاتے ہوئے اس سٹریچ پر ہونے والے اکثر حادثات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔مظاہرین نے بتایا کہ مذکورہ نوعیت کے دلخرا ش حادثات رونما ہورہے ہیں لیکن مقامی انتظامیہ کی جانب سے کوئی دھیان ہی نہیں دیا جارہا ہے ۔ مظاہرین نے حکام سے دھر روڈ پر ٹریفک کے دائمی مسائل کے حل کے لئے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔مظاہرین نے کہاکہ حفاظت کو بڑھانے اور حادثات کو روکنے کے لئے چوڑی سڑکوں کی تعمیر، سڑک کے مناسب نشانات، اور ٹریفک لائٹس کی تنصیب عمل میں لائی جائے ۔انہوں نے لاپرواہی سے ڈرائیونگ کو روکنے اور رفتار کی حدود کی پابندی کو یقینی بنانے کے لئے پولیس کی موجودگی میں اضافہ اور ٹریفک قوانین کے سخت نفاذ پر زور دیا۔ مظاہرین نے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں اور زخمیوں کے لواحقین کے لئے فوری اور مناسب معاوضے کا مطالبہ کیا۔