اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کایوم تاسیس
سرینگر// وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے کل اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (آئی یو ایس ٹی) اونتی پورہ کے 20ویں یومِ تاسیس کی تقریبات کا اِفتتاح کیا اور اَپنے حکومت کی جانب سے جموں و کشمیر میں اعلیٰ تعلیم، ہنر مندی اور تحقیقی شعبے کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ نوجوانوں کو مستقبل میں ترقی کی طرف گامزن کرنے کے قابل بنایا جا سکے۔ اِس موقعہ پر وزیر اعلیٰ نے خطاب کرتے ہوئے کہا،’’عظیم چیزیں اکثر شائستہ آغاز سے آتی ہے ۔ آج میں یہاں بنیادی ڈھانچے ، تعلیمی ماحول اور طلبأ کے معیار میں جو ترقی دیکھ رہا ہوں اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ آئی یو ایس ٹی سیکھنے اور اختراع کا ایک نمایاں مرکز بن کر اُبھرا ہے۔‘‘عمر عبداللہ نے تعلیمی منظرنامے میں تبدیلی پر روشنی ڈالتے ہوئے نئی تعلیمی پالیسی کی اہمیت اور طالب علموں کے لئے اس کی لچک پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا،’’اپنی ڈگری خود ڈیزائن کرنے اور عملی علم کو کلاس روم کے تجربات کے ساتھ ملا کر سیکھنے کی صلاحیت آپ کی نسل کے لئے ایک نعمت ہے۔ ہمارے وقت میں تعلیم صرف کتابوں میں موجود معلومات دہرانے تک محدود تھی، بغیر یہ جانے کہ یہ کبھی مفید ہوگی یا نہیں۔ آج کا نظام تخلیقی اور تنقیدی سوچ کو فروغ دیتا ہے۔‘‘وزیراعلیٰ جنہوں نے پہلے یونیورسٹی کے ٹیک ایکسپو کا اِفتتاح کیا، طلبأ کی اختراعی صلاحیت اور مسئلہ حل کرنے کے جذبے کی سراہنا کی۔اُنہوں نے کہا،’’آج جو اِختراعی منصوبے میں نے دیکھے، وہ مجھے یقین دِلاتے ہیں کہ ہمارا مستقبل ہمارے حال سے زیادہ روشن ہوگا۔روبوٹک فروٹ پکنگ سسٹمز سے لے کر تنگ گلیوں کے لئے خودکار برف ہٹانے والے آلات تک ،یہ آئیڈیاز حقیقی چیلنجوںکو حل کرتے ہیں اور ہمارے نوجوانوں کی اُبھرتی ہوئی ذہنیت کو ظاہر کرتے ہیں۔‘‘اُنہوں نے یونیورسٹی سے ابھرتے ہوئے تحقیق اور پیٹنٹس کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا، ’’تعلیمی شعبے میں 20 سال ابھی ابتدا ہے۔ اس کے باوجود آئی یو ایس ٹی جیسے نوجوان ادارے کے 70 سے زائد پیٹنٹس پیدا کرنے سے اس کی علمی متحرکیت اور اختراعی روح کا پتہ چلتا ہے۔‘‘اُنہوں نے کہا،’’یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ آئی یو ایس ٹی کو تمام ضروری سہولیات اور وسائل فراہم کئے جائیں تاکہ اس کی ترقی جاری رہے۔ جو کچھ بھی ہم اس ادارے کی مدد کے لئے کر سکتے ہیں، ہم کریں گے۔‘‘اُنہوں نے اونتی پورہ کے اِرد گرد اُبھرتے ہوئے تعلیمی مرکز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا،’’ اے آئی آئی ایم ایس ( ایمز)اونتی پورہ کے قریب تکمیل ہونے سے یہ علاقہ جلد ہی تعلیم اور صحت نگہداشت کا اہم مرکز بن جائے گا۔ لہٰذا ہمیں آئی یو ایس ٹی کی ترقی کے منصوبوں کو فروغ دینا جاری رکھنا چاہیے۔‘‘ اِس موقعہ پر وزیر اعلیٰ نے کمیونٹی ریڈیو سٹیشن اور ویشو گرلز ہوسٹل کا بھی اِفتتاح کیا، یونیورسٹی کی سالانہ رِپورٹ جاری کی اور معروف اِداروں و صنعتوں کے ساتھ چھ مفاہمت ناموں کے تبادلے کا مشاہدہ کیا۔ اُنہوں نے قومی سطح کے کھیلوں میں جموں و کشمیر کے لئے اعزازحاصل کرنے والے طالب علموں کو ا عزازات سے نوازا۔