عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//درگاہ حضرتبل میںخدمت اور عقیدت کے جذبے کے تحت احساس فائونڈیشن نے عید میلاد النبیؐ کے بابرکت موقع پر ایک مفت چائے اسٹال کا اہتمام کیا۔ یہ قدم حضور اکرمؐ کی یاد اور ان کی لازوال تعلیمات کے نام منسوب کیا گیا، جنہوں نے ہمیشہ انسانیت کیلئے رحمت، شفقت اور خدمت کا پیغام دیا۔ مفت چائے اسٹال بہت سے لوگوں کیلئے باعث سہولت اور راحت ثابت ہوا، خصوصا ان زائرین کے لیے جو دور دراز سے سفر کرکے آئے تھے۔ احساس فائونڈیشن کے رضاکاروں نے دن بھر لگن اور محبت کے ساتھ خدمت انجام دی، جو نبی کریمؐ کے پیغامِ شفقت اور بھائی چارے کی عملی جھلک تھی۔اس موقع پر ’ فائونڈیشن‘ کے شریک بانی ساحل بٹ نے اپنے پیغام میں امن، انسانیت اور محبت کی اہمیت کو اجاگر کیا۔انہوں نے اس موقع پر کہا ’’اس بابرکت دن پرہم احساس فائونڈیشن میں اس بات کا عہد کرتے ہیں کہ ہم محبت، اتحاد اور امن کو فروغ دیں گے‘‘۔زائرین اور مقامی لوگوں نے اس اقدام کو بے حد سراہا اور احساس فائونڈیشن کی سماجی، فلاحی اور انسانی سرگرمیوں کی تعریف کی۔ ادھر معروف سماجی کارکن میمونہ قریشی نے امت مسلمہ کو دلی مبارکباد پیش کی۔اپنے پیغام میں میمونہ قریشی نے اس دن کی گہری معنویت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا’’حضرت محمدؐ کی حیاتِ طیبہ اور تعلیمات کسی ایک قوم یا خطے تک محدود نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے رحمت، عدل اور اعلی اخلاقی اقدار کا جامع دستور ہیں‘‘۔انہوں نے کہا’’ آپؐ کی سیرت ہمیں یہ یاد دلاتی ہے کہ حقیقی عبادت انسانیت کی خدمت میں ہے، جسے اخلاص، صبر اور انکساری کے ساتھ انجام دیا جائے‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ آج کی دنیا میں بڑھتے ہوئے تنازعات اور مادی دورمیں رسول اکرمؐ کا لازوال پیغام ہمیں امن، اتحاد اور اخوت کی بنیاد پر اپنی زندگیوں کو ازسرنو تعمیر کرنے کی دعوت دیتا ہے‘‘۔ قریشی نے دعا کی کہ عید میلادالنبی ؐ کا یہ موقع اہل ایمان کے روحانی رشتے کو مزید مضبوط کرے۔