سرینگر// نیشنل کانفرنس کے رکن پارلیمان حسنین مسعودی نے احتجاج پر بیٹھے کسانوں سے اظہارِ یکجہتی کرنے کیلئے جارہے اپوزیشن کے اراکین پارلیمان کو غازی پور سرحد قریب روکنے کے اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومتی قدم کو غیر جمہوری قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس سمیت 10اپوزیشن جماعتوں کے اراکین پارلیمان نئی دلی کی سرحد پر احتجاج پر بیٹھے کسانوں کیساتھ اظہارِ یکجہتی کرنے کیلئے جارہے تھے کہ پولیس نے انہیں غازی پور سرحد کے قریب روکا اور آگے جانے کی اجازت نہیں دی۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کا یہ رویہ جمہوری اصولوں کے منافی ہے ۔ حسنین مسعودی نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کسانوں کی جماعت رہی ہے اور اس جماعت کے پرچم پر ہل کا نشان اس کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ نیشنل کانفرنس نے ہی برصغیر میں سب سے پہلے زرعی اصلاحات جیسے تاریخی اور انقلابی کسان دوست اقدامات کرکے اس طبقے کے لوگوں کی زندگی بہتر بنانے میں کلیدی رول ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کسانوں کے مطالبات اور مانگوں کی حمایت کرتی ہے۔ حسنین مسعودی نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے پارلیمنٹ میں جمو ں وکشمیر کے بارے میں بحث کا بھی مطالبہ کیا ہے اور اُمید ظاہر کی ہے کہ اس بار کشمیر پر بحث کرنے میں اڑچنیں کھڑا نہیں کی جائینگی۔