عظمیٰ نیوز ڈیسک
اتراکھنڈ//اتراکھنڈ میں بدھ کی شام سے بارش سے متعلقہ واقعات میں 16 افراد کی موت ہو چکی ہے -جن میں ایک ہی خاندان کے تین افراد شامل ہیں۔ مسلسل بارش کی وجہ سے اس پہاڑی ریاست کے کئی علاقوں میں سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔یہ بات سامنے آئی ہے کہ کیدارناتھ یاترا کے راستے سے 3300 عقیدت مندوں کو بچایا گیا ہے۔ ان میں سے 700 عقیدت مندوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعہ بچا لیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ تقریباً 5000 فوڈ پیکٹ بھی تقسیم کیے گئے۔ وزیر اعظم دفتر نے بھی مدد بھیجی ہے۔ فضائیہ کے چنوک اور ایم آئی 17 کو ریسکیو کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ اے ٹی ایف کی مدد کے لیے تین ٹینکرز بھی بھیجے گئے ہیں۔حکام نے جمعرات کو بتایا کہ اتراکھنڈ میں رات بھر کی شدید بارشوں کی وجہ سے 16 افراد ہلاک اور 10 سے زیادہ زخمی ہو گئے۔ کیدارناتھ یاترا پر جانے والے عقیدت مندوں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے حکام نے کئی مقامات پر مٹی کے تودے گرنے کی وجہ سے یاترا کو فی الحال معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ بدھ کی شام سے بارش سے متعلقہ واقعات میں 14 لوگوں کی موت ہو چکی ہے -دریں اثناء کیدارناتھ جانے والے یاتریوں کے لیے ایک ایڈوائزری جاری کی گئی ہیجس کے مطابق جو رودرپریاگ پہنچ گئے ہیں، ان سے کہا گیا ہے کہ وہ اس وقت تک انتظار کریں جب تک کہ موسم بہتر نہیں ہوتا اور بند اور ٹوٹی ہوئی سڑکوں کی بحالی کے بارے میں سرکاری طور پر کوئی اطلاع نہیں دی جاتی ہے۔ رودرپریاگ ضلع میں منداکنی اور الک نندا دونوں ندیاں خطرے کے نشان کے قریب بہہ رہی ہیں۔