عظمیٰ نیوز ڈیسک
لکھنو//اتر پردیش کے ایٹہ واقع ایک سنٹرل اسکول میں یوگا کے دوران کم و بیش دو درجن بچے بیہوش ہو گئے۔ اس بیہوشی کی وجہ رطوبت والی گرمی بتائی جا رہی ہے جو اسکولی طلبا کے لیے مصیبت بن گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ صبح کے وقت جب بچے یوگا کر رہے تھے تو ایک ایک کر بیہوش ہونے لگے اور یہ تعداد 25 سے زیادہ ہو گئی۔ سینئر ڈاکٹروں کی ٹیم اپنی نگرانی میں ان سبھی بچوں کا علاج کر رہی ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ان کی طبیعت گرمی کی وجہ سے بگڑی تھی اور فی الحال سبھی بچے خطرے سے باہر ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بچوں کے بیمار ہونے کی جانکاری ملتے ہی ضلع مجسٹریٹ اور ایس ایس پی سنٹرل اسکول پہنچے۔ انھوں نے واقعہ کی جانکاری لی اور فوری طور پر بیمار بچوں کو ایمبولنس کی مدد سے میڈیکل کالج اسپتال بھیجا گیا جہاں بچوں کا علاج جاری ہے۔ اسکولی طلبا کے بیہوش ہونے کی خبر ملنے پر سرکاری میڈیکل کالج کی پرنسپل بھی جائے حادثہ پر پہنچیں اور اسپتال کے لیے ضروری ہدایتیں جاری کیں۔بتایا جاتا ہے کہ ایٹہ ضلع کے ملاون تھانہ علاقہ کے گاوں ہرچندپور واقع پی ایم شری سنٹرل اسکول میں صبھ کے وقت دعائیہ جلسہ کے لیے بچے جمع ہوئے تھے۔ دعا کے بعد پی ٹی کرائی گئی۔ پھر بچوں کو یوگا بھی کرایا گیا، جس کے بعد کچھ بچوں کی سانسیں پھولنے لگیں۔ کئی بچے طبیعت خراب ہونے کے بعد وہیں پر لیٹ گئے۔ اچانک بچوں کی طبیعت بگڑتے دیکھ اسکول اسٹاف اور اساتذہ گھبرا گئے۔ وہ جب تک بچوں کو اٹھاتے، تب تک کئی دیگر بچے بیہوش ہونے لگے۔بچوں کی طبیعت بگڑنے کی جانکاری اسکول انتظامیہ نے فوری طور پر ضلع انتظامیہ کے افسران کو دی۔ فوراً موقع پر ایمبولنس بھیجی گئی۔ بچوں کو علاج کے لیے میڈیکل کالج کے اسپتال لے جایا گیا جہاں ان کا علاج ڈاکٹروں کی ایک ٹیم کر رہی ہے۔