اتر پردیش// اترپردیش میں ضلع اوریا کے چروہلی علاقے میں سنیچر کی صبح قومی شاہراہ پر ایک منی ٹرک اور ٹرالے کے مابین ٹکر میں دوسری ریاستوں سے اپنے گھر واپس لوٹ رہے کم از کم 24 مزدور ہلاک ہو گئے جبکہ 18 دیگر شدید زخمی ہو گئے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ چونا بردار ایک ٹرالے میں سوار ہو کر مزدور فرید آباد اور بنگال سے گورکھپور کے لئے جا رہے تھے۔ چروہلی کے پاس پہلے سے کھڑے منی ٹرک سے ٹرالے ٹکرا گیا۔ ٹکر کے بعد دونوں گاڑیا ں کھڈ میں پلٹ گئیں۔ اس حادثے میں 24 سے زائد مزدوروں کے ہلاک ہونے اور 18 کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔انہوں بتایا کہ موقع پر ضلع مجسٹریٹ ابھیشیک سنگھ اور پولیس سپرنٹنڈنٹ سمیت کئی اعلی افسران بھاری پولیس فورس کے ساتھ موجود ہیں۔ کرین کے سہارے ٹرالے میں پھنسے مزدوروں کو نکال کر ایمبولینس سے ضلع اسپتال پہنچایا جا رہا ہے۔