سرینگر // لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہا ہے کہ اتحاد و اتفاق کامیابی کی واحد ضمانت ہے اور یہی ہتھیار ہے، جس سے ہم باطل پر غلبہ پاسکتے ہیں۔ بھارت نے کشمیریوں کے حق آزادی اور حق خودارادیت کو دبانے کیلئے ہمیشہ تعمیر و ترقی اور امن کے نعرے بلند کئے۔ مذہب سے دُوری اور زرپرستی نے ہمارے سماج کوخراب کرکے اس کے تانے بانے کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ بنڈ سرینگر پر مسجد امام زمان میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دشمن ہماری صفوں کے اندر مسلک اور مشرب کے نام پر انتشار و افتراق پھیلانا چاہتا ہے اور ہمارے علماء ، مذہبی دانشوروں اور سماجی راہنمائوں پر لازم ہے کہ وہ مسلمانوں کی صفوں کے اندراتحاد کو قائم رکھنے اور مضبوط بنانے کیلئے کاوشیں تیز کریں۔بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے کشمیر آکر دئے گئے بیان کہ جس میں موصوف نے کشمیر کی تعمیر و ترقی کی باتیں کی تھیں کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے یاسین ملک نے کہا کہ دنیا کی تاریخ اس بات کی شاہد ہے کہ ہر قابض و جابر اپنے مفتوحہ اور مقبوضہ اقوام اور زمینوں کیلئے تعمیر، ترقی، امن و استحکام کی باتیں بناتا رہتا ہے اور مقبوضین کو ایسے ہی خوشمنا نعروں سے فریب دے کر انکے حق آزادی کو دبائے رکھتا ہے۔ ملک نے کہا کہ بنیادی مسئلہ حل کئے بغیرتعمیر و ترقی اور امن و استحکام کی باتیں کرنا خواب ہی رہیں گی اسلئے حق کی نفی اور لیپا پوتی صرف اور صرف مذید عدم استحکام اور خرابی ہی پیدا کریں گے ۔