سرینگر// اسمبلی تحلیل کئے جانے کے بعد محبوبہ مفتی نے اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا’’اپنے 26سالہ سیاسی تجربہ کے دوران مجھے لگا تھا کہ مجھے سب پتہ ہے لیکن جیسے کہ وہ کہتے ہیں ، نہیں،تو نہیں،تاہم میںعمر عبداللہ اور امبیکا سونی کا شکریہ ادا کرتی ہوں، جن کے تعاون سے بظاہر ناممکن چیز ممکن بن سکی ۔ٹویٹر پر اپنے رد عمل میں محبوبہ مفتی کا کہنا تھا کہ گذشتہ 5ماہ سے ہم سارے اپنی علیحدہ سیاسی وابستگیوں کے باوجود ریاستی اسمبلی کو تحلیل کرنے پر زور دیتے آئے تاکہ اراکین اسمبلی کی خریدو فروخت کے خدشات کو ختم کیا جاسکے لیکن ہماری درخواستوں پر کان بند کرلئے گئے لیکن یہ کسے گمان تھا کہ گرینڈ الائنس اس طرح سے جھٹکا دے سکے۔محبوبہ مفتی نے کہاکہ آج کل کے ٹیکنالوجی کے دور میں ،یہ بات حیران کن ہے کہ گورنر کی رہائش گاہ کی فیکس مشین نے ہمارا فیکس حاصل نہیں کیا لیکن فوراًبعد اسمبلی تحلیل کئے جانے کا حکمنامہ بذریعہ فیکس جاری کیا گیا۔