محمد تسکین
بانہال// منگل کے روز جموں سرینگر قومی شاہراہ پر مسافر گاڑیوں کو دونوں طرف کے ٹریفک میں چلنے کی اجازت تھی جبکہ مال بردار ٹرکوں کو وادی کشمیر سے جموں کی طرف جانے کی اجازت تھی ۔منگل کی صبح سے تیز دھوپ تھی تاہم دوپہر بعد سے ہوائی چلنے لگیں اور سہ پہر آتے آتے موسم مکمل طور سے تبدیل ہوگیا اور مطلع ابر آلود ہوگیاجبکہ دور دراز کے پہاڑی سلسلوں پر ہلکی ہلکی بارشوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ محکمہ موسمیات نے بدھ کی صبح تک جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کر رکھی اور محکمہ موسمیات کی پیشینگوئی کے عین مطابق موسم بدل گیا یے اور ضلع رام بن کے پہاڑی علاقوں میں بدھ کی شام تک ہلکی ہلکی بارشیں ہو رہی تھیں جبکہ میدانی علاقوں میں بھی دیر شام بارشیں شروع ہوئی تھیں۔