سرینگر// جواہرنگر سے ہتھیاراڑانے کے بعد پولیس نے اہم شخصیات کی سیکورٹی پر تعینات اہلکاروں کو اس بات کا پابند بنایا گیاہے کہ وہ رخصتی سے قبل ہتھیار سپرد کریں۔ پولیس ذرائع کے مطابق مستقبل میں اس طرح کے واقعات پر قدغن لگانے اور سیکورٹی اہلکاروںکو کسی بھی چوک یا غلطی سے دور رکھنے کیلئے پولیس یہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ روزانہ کی بنیادوں پر اہم شخصیات کی سیکورٹی پر تعینات انکے ذاتی محافظوں کو بریفنگ دی جائے گی،جبکہ تمام ذاتی محافظوں کو رخصتی پر جانے سے قبل اپنے شعبوں کے متعلقہ سربراہوں سے اجازت لینی ہوگی۔ذرائع نے بتایا کہ پی ایس اوز کو رخصتی پر جانے سے قابل اپنے ہتھیاروں کی بھی سپردگی کرنی پڑے گی۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس امن و قانون اور سیکورٹی منیر احمد خان نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ آئندہ اس طرح کے واقعات روکنے کیلئے اقدمات اٹھائے گئے ہیں۔منیر احمد خان نے بتایا ’’ ذاتی محافظوں کو رخصتی پر جانے سے قبل اپنے شعبوں کے کمان افسران سے اجازت لینی پڑے گی،جبکہ اپنے متعلقہ سربراہوں سے رخصتی کی اجازت کے بغیر کوئی بھی پی ایس او رخصتی پر نہیں جائے گا‘‘۔انہوں نے مزید کہا’’ ذاتی محافظوں کو رخصتی پرجانے سے قبل اپنے ہتھیار بھی سپرد کرنے ہونگے،جبکہ انہیں روزانہ کی بنیادوں پر سیکورٹی سے متعلق اسباق پڑھائے جائیں گے‘‘۔