یواین آئی
نئی دہلی// آیوش کے مرکزی وزیر مملکت پرتاپ راؤ جادھو نے اگلے پانچ سالوں میں 10 نئے آیوش ادارے کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آیوروید اور یوگا کے حوالے سے عوامی قبولیت اور عالمی نقطہ نظر میں بڑی تبدیلی آئی ہے۔ ۔جادھو نے جمعہ کی شام دیر گئے یہاں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف آیوروید کا دورہ کرنے کے بعد یہ جانکاری دی۔انہوں نے کہا کہ حکومت روایتی طبی نظام کو دوبارہ قائم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف آیوروید کیمپس کا یہ ان کا پہلا دورہ تھا۔ جادھو نے پورے کمپلیکس کا معائنہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جارہی سہولیات اور علاج کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت ہر گھر تک آیوروید فراہم کرنے کے لئے وزیر اعظم کی کوششوں کو پورا کرنے کے لئے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ بیرونی حملہ آوروں اور نوآبادیاتی دور میں آیوروید اور روایتی طبی نظام کو کافی نقصان پہنچا ہے، لیکن 2014 کے بعد مودی حکومت کی قیادت میں حالات بدل گئے ہیں۔ یوگا اور آیوروید کے حوالے سے عالمی نقطہ نظر میں تبدیلی آئی ہے اور اس کی عوامی قبولیت میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے روایتی طبی نظام کو بڑھانے کے لیے اگلے پانچ سالوں میں دس نئے آیوش ادارے کھولنے کا بھی اعلان کیا تاکہ ہندوستان کا ہر شہری ایلوپیتھک نظام کی طرز پر روایتی طبی نظام کے فوائد حاصل کر سکے۔انہوں نے کہا کہ صدر مملکت نے اس انسٹی ٹیوٹ کا دورہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے اس لیے وزیر ہونے کے ناطے وہ بھی ادارے کی تیاریوں کا جائزہ لینے آئے ہیں۔اس موقع پر مرکزی وزیر نے 17 سے 19 اکتوبر تک منعقد ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس-2024 کا کتابچہ بھی جاری کیا۔