ڈوڈہ//آل انڈیا سٹوڈنٹس فیڈریشن کے 86ویں یوم تاسیس کے موقع پر ڈوڈہ میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں نامور سماجی کارکن اشتیاق احمد دیو نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی فیڈریشن کے ضلع صدر سلیندر پریہار کی سربراہی میں منعقدہ تقریب میں اے آئی ایس ایف کے ممبران کے علاوہ متعدد طلبا و طالبات نے شرکت کی۔اس موقع پر مقررین نے 12اگست 1936 کو وجود میں لائی گئی طلبا تنظیم کے اوپر تفصیلی روشنی ڈالی اور تحریک آزادی میں فیڈریشن کے رہنمائوں کے رول کو اجاگر کیا۔اشتیاق احمد دیو نے اس دوران بولتے ہوئے کہا کہ آزادی سے قبل جس طلبا تنظیم نے برطانیوی سامراجیت کا مقابلہ کیا اور ملک کی آزادی میں کلیدی رول ادا کیا وہ اے آئی ایس ایف ہے،اس میں ملک کے کئی بڑے کامیاب لیڈران نے اپنے مستقبل کو تابناک بنایا اور بعد میں وہ ملک کے بڑے عہدوں پر فائز ہوئے۔انہوں نے کہا کہ اس تحریک میں نوجوان مجاہد آزادی بھگت سنگھ نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا لیکن انگریزی طاقت کے سامنے سر نہیں جھکایا۔سابق لیڈر محمد اصغر بٹ نے بتایا کہ ملک آج بھی کئی طرح کی مشکلات سے دوچار ہے سرمایہ دارانہ نظام کو پھر سے فروغ دینے کی کوشیش کی جا رہی ہیں۔انہوں نے شرکا کو بتایا کہ وہ بھگت سنگھ کے خوابوں کے ملک کی تکمیل کے لئے آگے بڑھیں اور آپسی بھائی چارہ کو فروغ دیں۔انہوں نے ڈوڈہ کے معروف طلبا لیڈر مکیش پریہار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پریہار نے طلبا یونین کو جموں و کشمیر میں نئی جہت بخشی تھی لیکن بیماری کی وجہ سے ان کی سرگرمی تھم گئی تاہم وہ ابھی بھی اپنی سوچ و نظریہ پر قائم ہیں۔سلیندر پریہار نے تمام شرکا طلبا کا آل انڈیا سٹوڈنٹس فیڈریشن کے 86ویں یوم تاسیس کے موقع پر شرکت کے لئے شکریہ ادا کیا ۔ اس موقع پر طلبا و طالبات نے حب الوطنی کے گانے ،بھگت سنگھ و دیگر مجاہد آزدی کی حالات زندگی پر روشنی ڈالی ،اور پینٹنگ مقابلے کا انعقاد کیا گیا ۔تینوں شعبوں میں نمایاں کاکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبا کو اعزازی میڈل اور سند سے نوازا گیا۔