یواین آئی
ملبورن/جاش ہیزل وُڈ (تین وکٹ)، زیویر بارٹلیٹ اور نیتھن ایلس (دو، دو وکٹ) کی شاندار گیندبازی کے بعد کپتان مچل مارش (46) اور ٹریوس ہیڈ (28) کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت آسٹریلیا نے جمعہ کے روز دوسرے ٹی-20 میچ میں ہندوستان کو 40 گیندیں باقی رہتے ہوئے چار وکٹوں سے شکست دے دی۔ اسی کے ساتھ آسٹریلیا نے پانچ میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔126 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے آسٹریلیا کے کپتان مچل مارش اور ٹریوس ہیڈ نے عمدہ شروعات کرتے ہوئے پہلے وکٹ کے لیے 51 رنز جوڑے ۔ پانچویں اوور میں ورُن چکرورتی نے ٹریوس ہیڈ کو آؤٹ کر کے ہندوستان کو پہلی کامیابی دلائی۔ ٹریوس ہیڈ نے 15 گیندوں پر تین چوکے اور ایک چھکا لگا کر 28 رنز بنائے ۔ اس کے بعد آٹھویں اوور میں کلدیپ یادو نے مچل مارش کو پویلین بھیج دیا۔ مارش نے 26 گیندوں پر دو چوکے اور چار چھکے لگاتے ہوئے 46 رنز بنائے ۔ٹم ڈیوڈ (1) کو ورُن چکرورتی نے جبکہ جاش انگلس (20) کو کلدیپ یادو نے آؤٹ کیا۔ جیت سے صرف دو رنز دور آسٹریلیا کو جسپریت بمراہ نے مچل اووین (14) اور اگلی ہی گیند پر میتھیو شارٹ (صفر) کو آؤٹ کر کے کچھ وقت کے لئے ہندوستانی کیمپ میں جوش پیدا کردیا، لیکن14ویں اوور کی دوسری گیند پر مارکس اسٹوئنس نے دو رنز لے کر اسکور چھ وکٹ پر 126 تک پہنچایا اور میچ آسٹریلیا کے نام کر دیا۔ مارکس اسٹوئنس چھ رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔ جاش ہیزل وُڈ کو ان کی شاندار گیندبازی کے لیے ‘پلیئر آف دی میچ’ قرار دیا گیا۔ ہندوستان کی جانب سے کلدیپ یادو، جسپریت بمراہ اور ورُن چکرورتی نے دو، دو وکٹ حاصل کیے ۔اس سے قبل آسٹریلیا کے کپتان مچل مارش نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا۔ ہندوستان کی شروعات مایوس کن رہی اور تیسرا اوور مکمل ہونے سے پہلے ہی 20 کے اسکور پر شبھمن گل (5) کا وکٹ گنوا دیا۔ انہیں جاش ہیزل وُڈ نے مچل مارش کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ اگلے ہی اوور میں نیتھن ایلس نے سنجو سیمسن (2) کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا۔ پانچویں اوور میں ہیزل وُڈ نے تیسری گیند پر کپتان سوریہ کمار یادو (1) اور پانچویں گیند پر تِلک ورما (0) کو آؤٹ کر کے ہندوستان کو مشکل میں ڈال دیا۔اکشر پٹیل نے ابھشیک شرما کے ساتھ اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی، مگر آٹھویں اوور میں وہ رن آؤٹ ہو گئے ۔ انہوں نے سات رنز بنائے ۔ ایسے نازک موقع پر ہرشت رانا میدان میں اترے اور ابھشیک شرما کے ساتھ اننگز کو سنبھالا۔ ابھشیک شرما نے 23 گیندوں پر سات چوکے اور ایک چھکا لگا کر نصف سنچری مکمل کی۔ دونوں کے درمیان چھٹے وکٹ کے لیے 56 رنز کی شراکت ہوئی۔ 16ویں اوور کی دوسری گیند پر ہرشت رانا کیچ آؤٹ ہوئے ۔ انہوں نے 33 گیندوں پر تین چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 33 رنز بنائے ۔ اسی اوور میں زیویر بارٹلیٹ نے شِوم دوبے (4) کو بھی آؤٹ کیا۔ ہندوستان کا آٹھواں وکٹ 17ویں اوور میں کلدیپ یادو (0) کے طور پر گرا، جنہیں مارکس اسٹوئنس نے آؤٹ کیا۔ 19ویں اوور کی تیسری گیند پر نیتھن ایلس نے ابھشیک شرما کو ایل بی ڈبلیو کر کے ہندوستان کی امیدوں کو جھٹکا دیا۔ ابھشیک نے 37 گیندوں پر سات چوکے اور دو چھکے لگا کر 68 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔