پیرس/ انگلینڈ کی اسٹرائیکر الیسیا روسو کی شاندار کارکردگی نے آرسنل کو ویمنز چیمپئنز لیگ میں ریال میڈرڈ کے خلاف 1-2 سے فتح دلادی، جبکہ مانچسٹر یونائیٹڈ کو لیگ مرحلے میں اپنی پہلی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔نارتھ لندن کے میڈو پارک میں کھیلے گئے میچ میں آرسنل کو پہلے ہاف کے اختتام سے قبل اسکاٹ لینڈ کی کیرولین وئیر کے گول نے پیچھے کردیا، تاہم روسو نے دوسرے ہاف میں دو بہترین ہیڈرز کے ذریعے اپنی ٹیم کو نہ صرف میچ میں واپس لایا بلکہ جیت بھی دلوائی۔پہلے انہوں نے گول کیپر میسا روڈریگیز کے اوپر سے خوبصورت ہیڈر کے ساتھ مقابلہ برابر کیا، پھر کارنر پر شاندار ہیڈر کے ذریعے ریال میڈرڈ کا ناقابلِ شکست سلسلہ توڑ دیا۔دوسری جانب مانچسٹر یونائیٹڈ کو جرمنی میں وولفسبرگ کے ہاتھوں 5-2 سے شکست ہوئی، جہاں ڈچ اسٹارز ایلا پیڈیمورس اور لینتھ بیرنسٹین نے دو، دو گول کیے ۔