سرینگر// آر پی اسکول ( گرلز) ناگہ بل گاندربل میں زیر تعلیم پانچویں ، چھٹی اور ساتویں جماعت کی طالبات نے سالانہ سائنس نمائش میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔نمائش میں شریک بچیوں نے اپنے مختلف جدت طراز سائنٹفک ماڈلز پیش کر کے اپنی خداداد صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ ننھی منی بچیوں نے سائنسی ماڈلز کی خصوصیات کا عملی مظاہرہ کر کے بیسیوں مشاہدین سے داد تحسین حاصل کی۔ اس موقع پر منعقدہ ایک مختصر تقریب میں نمائش میں شریک طالبات کی حوصلہ افزائی کی غرض سے اُن میں توصیفی اسناد تقسیم کی گئیں۔ نمائش کے جج صاحبان نے تمام ماڈلوں کا بغور جائزہ لے کر زیادہ متاثر کن ماڈل بنانے والی جن طالبات کو انعامات کا حق دار قرار دیا ،اُن میں پہلا انعام ساتویں جماعت کی طالبہ حنا کے ماڈل کو اللہ اکبر کی گونج میں دیا گیا جب کہ دوسر اور تیسراانعام بالترتیب لبنیٰ اور رب النورین کے ماڈلوں کو ملا۔ چھٹی جماعت میں پہلا انعام تابش ، دوسر اانعام عائشہ اور تیسرا انعام رونق بشارت کے ماڈلوں کو دیا گیا۔ پانچویں جماعت میں پہلا انعام حاذقہ، دوسر اانعام سیرت اور تیسرا انعام عنین کے ماڈلوں کو ملا ۔ تقریب میں مقررین نے ایسی نمائشیں وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ آرپی اسکول طالبات کی اخلاقی تربیت، تعلیمی حصول یابیوں اور ذہنی نشونما میں آگے بڑھ رہاہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے ایک ہاتھ میں اگر قرآن اور نیک عملی اور دوسرے ہاتھ میں سائنس اور خدمات ہوں تو عالمی سطح پر اُمت کا پھر سے غلبہ ہوگا ۔