سری نگر//وادی کشمیر کے کرکٹ شائقین میں ’مسٹر 100 میٹر سکسر مین‘ کے نام سے معروف 24 سالہ منظور احمد ڈار عرف منظور پانڈو کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں جگہ مل گئی ہے۔ انہیں اتوار کے روز کنگز الیون پنجاب نے 20 لاکھ روپے کے عوض خرید لیا ۔ شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے سوناواری سے تعلق رکھنے والے منظور پانڈو نے کہا کہ وہ جموں وکشمیر کے کرکٹ شائقین اور اپنے مداحوں کی توقعات پر کھرا اترنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا ’میں کنگز الیون پنجاب کا بے حد مشکور ہوں جس نے مجھے اپنی ٹیم میں شامل کرکے اپنی کارکردگی دکھانے کا موقع دیا۔ میں اہلیان جموں وکشمیرکا بہت شکر گذار ہوں جنہوں نے میرے سیلکشن کے لئے دعائیں کیں‘۔انہوں نے مزید کہا ’میرا سارا فوکس اب آئی پی ایل میں عمدہ کارکردگی دکھانے پر ہے۔ شائقین اور مداحوں کو مایوس نہیں کروں گا۔ ان کی توقعات پر کھرا اترنے کی کوشش کروں گا‘۔ اپنے ایک ٹویٹ میں منظور احمد نے اللہ تعالیٰ اور اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا ’الحمداللہ۔ آئی پی ایل کے گیارہویں ایڈیشن میں کنگز الیون پنجاب کے لئے کھیلوں گا۔ آپ کی محبت اور سپورٹ کے لئے آپ کا مشکور ہوں‘۔ انہوں نے ایک اور ٹویٹ میں کہا ’مجھے موقع دینے کے لئے کنگز الیون پنجاب کا شکر گذار ہوں۔ میں پنجاب کی ٹیم کے لئے کھیلنے کے لئے بے تاب ہوں‘۔ ایک مزدور کے بیٹے منظور پانڈو کا کرکٹ میں اب تک کا سفر آسان نہیں رہا ہے اور اپنے اخراجات پورے کرنے کے لئے انہوں نے ایک نجی موٹر کمپنی میں بحیثیت ’سیکورٹی گارڈ‘ نوکری بھی کی ہے۔ 6 فٹ 2 انچ قد کا منظور وادی کے کرکٹ شائقین میں 100 سے زیادہ میٹر کے لمبے چھکے مارنے کے لئے مشہور ہیں۔ جموں وکشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے منظور احمد کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے ایک ٹویٹ میں لکھا ’میں آپ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ آپ کے لئے نیک تمناو¿ں کا اظہار کرتا ہوں۔ آپ کو کھیلتے ہوئے دیکھنے کا انتظار کروں گا‘۔ سٹیٹ سپورٹس کونسل کے سکریٹری وحیدالرحمان پرہ نے ایک ٹویٹ میں کہا ’یہ ہمارے لئے فخر کا لمحہ ہے کہ منظور احمد ڈار کو امسال کھیلی جانے والی آئی پی ایل میں جگہ مل گئی ہے‘۔ دریں اثنا ریاست کے بین الاقوامی کرکٹ کھلاڑی پرویز رسول اور دوسرے ایک کھلاڑی عمر نذیر کو خریدنے میں کسی ٹیم نے دلچسپی ظاہر نہیں کی ۔ یو این آئی