نوئیڈا//مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ حکومت کو انڈو تبت بارڈر پولیس (آئی ٹی بی پی) کی 50 نئی چوکیاں بنانے کی تجویز ملی ہے جس پر جلد ہی فیصلہ کیا جائے گا۔مسٹر سنگھ یہاں آئی ٹی بی پی کے 56 ویں یوم قیام کے موقع پر یہاں منعقد ہ اہم تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے اس موقع پر آئی ٹی بی پی کے جوانوں سے پڑوسی ممالک کے اپنے ہم منصب دستوں کے ساتھ خیرسگالانہ رشتے کو برقرار رکھنے کی اپیل کی ۔ انہوں نے کہا کہ سرحدی علاقوں میں آئی ٹی بی پی کے جوانوں کے لئے ٹریفک کی بہتر سہولت کو یقینی بنانے کے لئے حکومت اروناچل پردیش، اتراکھنڈ اور ہماچل پردیش میں 25 نئی سڑکوں کی تعمیر کروا رہی ہے ۔ آئی ٹی بی پی کے گریٹر نوئیڈا میں واقع احاطے میں منعقد ہ اہم تقریب میں مسٹر سنگھ نے پریڈ کی سلامی لی۔ اس موقع پر آئی ٹی بی پی کی کوہ پیما اکائی ، نکسل مخالف اور کمانڈو دستوں اور دیگر ٹکڑیوں نے اپنی دفاعی مہارت کا بخوبی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر پہلی بار جدید ترین آلات سے لیس آئی ٹی بی پی کے ٹرانسپورٹ اسکواڈ کا مظاہرہ کیا گیا۔ ہمالیائی علاقے میں انتہائی نازک حالات اور موسم میں یہ دستہ آئی ٹی بی پی کے جوانوں کے لئے کافی مددگار ہوتا ہے ۔ آئی ٹی بی پی کے ڈائریکٹر جنرل آر کے پچنندا نے بتایا کہ آئی ٹی بی پی کی تاریخ میں پہلی بار ایسا دستہ بنایا گیا ہے تاکہ ہند چین سرحد پر جوانوں کی نقل و حرکت سے تیزی سے ممکن ہو سکے ۔
انہوں نے جلد ہی آئی ٹی بی پی انٹیلی جنس ٹریننگ سینٹر کے افتتاح کے بارے میں بھی اطلاع دی۔یو این آئی۔