سڈنی/ آئی سی سی خواتین ٹی -20 ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں منگل کے آخری گروپ مقابلے بارش کی وجہ سے منسوخ ہو جانے کے بعد ٹورنامنٹ کی سیمی فائنل لائن اپ طے ہو گئی ہے جس میں جمعرات کو ہندوستان کا مقابلہ انگلینڈ سے اور جنوبی افریقہ کا مقابلہ گزشتہ چمپئن آسٹریلیا سے ہوگا۔فارم میں چل رہی اور اپنے گروپ کے چاروں میچ جیتنے والی ہندستانی ٹیم کے پاس انگلینڈ سے دو سال پہلے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں شکست کا بدلہ چکانا کا موقع رہے گا۔ ہندستانی ٹیم نومبر 2018 میں ویسٹ انڈیز میں ہوئے عالمی کپ کے سیمی فائنل میں 19.3 اوور میں 112 رن پر سمٹ گئی تھی جبکہ انگلینڈ نے 17.1 اوور میں دو وکٹ پر 116 رنز بنا کر میچ جیت لیا تھا۔اس سے پہلے 2017 میں انگلینڈ میں ہوئے ون ڈے ورلڈ کپ میں ہندستان کا فائنل میں میزبان انگلینڈ کے ساتھ مقابلہ ہوا اور انگلینڈ نے ہندوستانی ٹیم کو نو رن سے شکست دے کر خطاب جیت لیا تھا۔ انگلینڈ نے 50 اوور میں سات وکٹ پر 228 رن بنائے جبکہ ہندستانی ٹیم 48.4 اوور میں 219 رن پر سمٹ گئی تھی۔موجودہ عالمی کپ میں ہندستان نے گروپ اے میں اپنے چاروں میچ جیتے جبکہ انگلینڈ کی ٹیم گروپ بی میں چار میں سے تین میچ جیت کر چھ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی۔ گروپ اے میں آسٹریلیا دوسرے اور گروپ بی میں جنوبی افریقہ سات پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر رہا۔ہندستان نے گروپ مرحلے میں عالمی چمپئن آسٹریلیا کو سڈنی میں 17 رنز سے ، بنگلہ دیش کو پرتھ میں 18 رنز سے ، نیوزی لینڈ کو میلبورن میں تین رنز سے اور سری لنکا کو میلبورن میں سات وکٹ سے شکست دی۔ ہندستان اور انگلینڈ کا سیمی فائنل سڈنی میں کھیلا جائے گا۔ انگلینڈ نے اپنا پہلا میچ جنوبی افریقہ سے چھ وکٹ سے گنوایا لیکن اس کے بعد اس نے شاندار واپسی کرتے ہوئے تھائی لینڈ کو 98 رنز سے ، پاکستان کو 42 رنز سے اور ویسٹ انڈیز کو 46 رنز سے شکست دی۔ٹورنامنٹ کے آخری گروپ میچوں میں پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان گروپ بی میچ کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا جبکہ ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کا گروپ بی میچ بغیر کوئی گیند پھینکے منسوخ رہا۔ جنوبی افریقہ کو اس میچ سے ملا ایک پوائنٹس اسے گروپ بی کی ٹیبل میں سب سرفہرست مقام پر پہنچانے کے لئے کافی تھا۔جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز میچ منسوخ: دونوں ٹیموں کے درمیان یہ عالمی کپ کے گروپ مرحلے کا آخری مقابلہ تھا جو بغیر ٹاس ہوئے ہی بارش کی وجہ سے منسوخ ہو گیا۔ جنوبی افریقہ گروپ بی میں چار میچوں میں تین جیت اور ایک منسوخ میچ کے ساتھ سات پوائنٹس لے کر پہلے نمبر پر رہا جبکہ ویسٹ انڈیز چار میچوں میں ایک جیت، دو ہار اور ایک منسوخ میچ کے ساتھ تین پوائنٹس لے کر ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی۔تھائی لینڈ اور پاکستان میچ میں کوئی نتیجہ نہیں نکلا: دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ بارش کی وجہ سے بے نتیجہ رہا۔ تھائی لینڈ نے ٹاس جیت کر بلے بازی چنی اور نتاکن چتم (56) کی شاندار نصف سنچری کی بدولت 20 اوور میں تین وکٹ پر 150 رنز بنائے لیکن اس کی اننگز ختم ہوتے ہی بارش شروع ہو گئی اور میچ دوبارہ شروع نہیں ہو پایا، لہذا میچ بے نتیجہ ختم ہوا۔ پاکستان نے چار میچوں میں ایک جیت حاصل کی اور اس کے دو میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ تھائی لینڈ کو تین میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔یو این آئی ۔