سرینگر // محکمہ موسمیات نے آئندہ 48 گھنٹے میں ریاست جموں و کشمیر سمیت ملک کی 20 ریاستوں میں بھاری بارش،زوردار آندھی اور ژالہ باری کا انتباہ دیا ہے۔محکمہ کے مطابق اتراکھنڈ ، ہماچل پردیش میں آندھی طوفان کے ساتھ اولے بھی گر سکتے ہیں۔ علاوہ ازیںمیگھالیہ ، تریپورہ، کیرالہ ، مغربی بنگال ، سکم ، پنجاب اور جموں وکشمیر میں بھاری بارش کے امکانات ہیں۔محکمہ کے کورڈی نیٹر نے فون پر کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ 6مئی سے 8مئی تک مغربی ہوائیں پورے ملک میں داخل ہوجائیں گی جس سے موسم ایک دم سے تبدیل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ابتک شمالی اور مشرقی ہندوستان میں خراب موسم سے 124 لوگوں کی جان چلی گئی ہے۔انکا کہنا تھا کہ 7مئی کو جموں و کشمیر کیساتھ ساتھ پنجاب،ہریانہ، اترا کھنڈ، ہماچل ، دہلی اور چندی گڑھ میں بھاری بارشیں ہوسکتی ہیں اسکے علاوہ زور دار آندھی بھی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر سمیت تین ریاستوں میں شدید سے درمیانہ درجے کی ژالہ باری کا بھی قوی امکان ہے۔انکا کہنا تھا کہ 8مئی کو بھی یہی صورتحال رہے گی اور جموں و کشمیر میں دور دور مقامات پر بارشیں اور اولے گر سکتے ہیں۔تاہم انکا کہنا تھا کہ 9مئی سے ریاست میں موسم میں تبدیلی آئے گی البتہ شمال مشرقی ریاستوں میں یہ صورتحال کچھ دن اور چل سکتی ہے۔