عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے ترجمانِ اعلیٰ اور ایم ایل اے زڈی بل، تنویر صادق نے کہا ہے کہ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت تعلیمی نظام کو دوبارہ پٹری پر لانے اور اسے تیزی سے بدلتی ہوئی ٹیکنالوجی پر مبنی دنیا کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے پرعزم ہے۔انہوں نے یہ بات لالبازار پبلک اسکول سری نگر کی سالانہ تقریب سے خطاب کے دوران کہی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے نوجوانوں میں بڑھتی ہوئی سوشل میڈیا کی لت پر تشویش کا اظہار کیا اور اس کے منفی پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے طلبہ کو ڈیجیٹل دور میں محتاط اور ذمہ دار رہنے کی تلقین کی۔
تنویر صادق نے کہا: ’اگرچہ سوشل میڈیا کے کئی فوائد ہیں اور اس نے دنیا کو مزید قریب کر دیا ہے، لیکن اس کے استعمال میں ذمہ داری اور احتیاط برتنا لازمی ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ ہمارے بچے ان چیلنجوں سے آگاہ ہیں اور دوسروں میں بیداری پیدا کرنے میں بھی کردار ادا کر رہے ہیں۔
‘انہوں نے محدود وسائل کے باوجود اسکول انتظامیہ، اساتذہ اور طلبہ کی لگن اور شاندار تعلیمی کارکردگی کی تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا: ’آپ کا عزم اور محنت واقعی قابل ستائش ہے۔ ہمارے بچوں کو ہماری تعریف اور حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔ آج دنیا ان کے لئے کھلی ہوئی ہے، ہمیں انہیں درست رہنمائی فراہم کر کے ایک روشن مستقبل کی تعمیر کرنی ہوگی۔‘تنویر صادق نے والدین کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اپنے بچوں پر اعتماد کیا اور انہیں اپنی صلاحیتوں کو دریافت کرنے کا موقع دیا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ نیشنل کانفرنس حکومت تعلیمی نظام کو عروج بخشنے کے لئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کرے گی اور تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔
نوجوان سوشل میڈیا کے استعمال میں ذمہ داری برتیں: تنویر صادق
