محمد تسکین
بانہال// بانہال کے چملواس علاقے میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے ایک نوجوان کی موت واقع ہو گئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ نوجوان چملواس میں بجلی کاکرنٹ لگنے سے بے ہوش ہو گیا، جسے فوری طور پر مقامی لوگوں نے ایمرجنسی ہسپتال بانہال منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔
پولیس نے متوفی کی شناخت ابرار احمد سوہل ولد محمد افضل سوہل ساکنہ چملواس بانہال کے طور کی ہے۔
واقع کے بعد تحصیلدار بانہال امتیاز احمد ، ایس ایچ او بانہال محمد افضل وانی اور سرپنچ چملواس منیر احمد نے ہسپتال کا دورہ کیا اور نوجوان کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور حادثے کی وجوہات سے متعلق بات چیت کی۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ نوجوان کی موت کن حالات میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے ہوئی ہے، اس بارے میں تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ اُنہوں نے بتایا کہ لازمی طبی و قانونی کاروائیوں کے بعد لاش کو اہلِ خانہ کے سپرد کر دیا جائے گا۔