عظمیٰ ویب ڈیسک
گاندر بل// وسطی کشمیر کے ضلع گاندر بل کے پتی رامپورہ علاقے میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں چنار کے درخت کی شاخ گرنے سے 22 سالہ نوجوان جاں بحق ہوگیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق، متوفی کی شناخت عمر گنائی ساکنہ صفاپورہ کے طور پر ہوئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ کچھ مزدور علاقے میں چنار کے درخت کی کٹائی کر رہے تھے، اور اسی دوران ایک شاخ عمر گنائی پر آگری۔
حادثے میں عمر گنائی شدید زخمی ہوگئے۔ انہیں فوری طور پر ضلع ہسپتال گاندر بل منتقل کیا گیا، تاہم ہسپتال میں موجود ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔
پولیس نے واقعے کی نسبت مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی ہے اور معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔