عظمیٰ ویب ڈیسک
شوپیاں/جنوبی ضلع شوپیاں کے پہنو علاقے میں دو نوجوانوں نے مبینہ طور پر زہریلا مادہ کھا لیا، جس کے نتیجے میں ایک نوجوان کی موت واقع ہوگئی جبکہ دوسرا نازک حالت میں اسپتال میں زیرِ علاج ہے۔
تفصیلات کے مطابق متوفی کی شناخت لیاقت احمد ولد محمد شایع کھٹانہ، عمر 18 سال، ساکن ریاسی حال پہنو کے طور پر ہوئی ہے، جبکہ زخمی نوجوان کی شناخت اشفاق احمد کھٹانہ ولد محمد جمیل کھٹانہ، عمر 20 سال، ساکن راجوری حال پہنو کے طور پر کی گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق دونوں نے دو روز قبل اپنے خیمے کے اندر زہریلا مادہ کھایا تھا۔ انہیں فوری طور پر ضلع اسپتال شوپیاں منتقل کیا گیا، جہاں سے بعد میں بہتر علاج کے لیے سرینگر کے ایس ایم ایچ ایس اسپتال ریفر کیا گیا۔تاہم، لیاقت احمد آج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، جبکہ اشفاق احمد ایس ایم ایچ ایس اسپتال میں زیرِ علاج ہے اور اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔پولیس نے واقعے کا نوٹس لے کر معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ دونوں نوجوانوں نے زہریلا مادہ کیوں اور کیسے کھایا۔
شوپیاں میں زہریلا مادہ کھانے سے ایک نوجوان جاں بحق، دوسرا اسپتال داخل