اونتی پورہ// جموں و کشمیر پولیس نے جمعہ کے روز جنوبی کشمیر کے اوانتی پورہ میں لڑکی کی غیر اخلاقی ویڈیو سوشل میڈیا پر پھیلانے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کیا ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ 26 دسمبر کو اونتی پورہ پولیس کو ایک تحریری شکایت موصول ہوئی، جس میں ایک شخص نے بتایا کہ اس کی بہن (نام ظاہر نہیں کیا گیا) کی نازیبا مواد پر مشتمل ویڈیو مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور واٹس ایپ گروپس میں پھیلائی جا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ شکایت ملنے پر پولیس نے آئی ٹی ایکٹ اور بی این ایس کے تحت ایف آئی آر نمبر 186/2024 درج کر کے تحقیقات شروع کر دی۔
پولیس ترجمان نے مزید کہا کہ ابتدائی تحقیقات میں الزامات درست پائے گئے، جس کے بعد فوری کاروائی کرتے ہوئے جرم میں ملوث شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ کیس کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور مزید ملوث افراد کی گرفتاری متوقع ہے۔
پولیس نے سوشل میڈیا صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اس قسم کی ویڈیوز اپ لوڈ کرنے یا پھیلانے سے گریز کریں، کیونکہ یہ آئی ٹی ایکٹ کے تحت قابل سزا جرم ہے جس کی سزا 7 سال قید اور 10 لاکھ روپے تک جرمانہ ہو سکتی ہے۔
لڑکی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کرنے والا شخص گرفتار: پولیس
