یو این آئی
جموں// جموں بس سٹینڈ میں پیر کی صبح ایک عدم شناخت لاش برآمد ہوئی۔ اسی دوران جموں کے بشناہ علاقے میں چلتی گاڑی سے گر کر ایک نوجوان لقمہ اجل بن گیا ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ پیر کی صبح چند مقامی افراد نے جموں بس سٹینڈ میں ایک لاش دیکھی اور اس بارے میں پولیس کو مطلع کیا۔ پولیس ٹیم فوری طورپر جائے موقع پر پہنچی اور لاش کو تحویل میں لے کر طبی لوازمات کی خاطر ہسپتال منتقل کیا۔
معلوم ہوا ہے کہ لاش کی شناخت کے لئے پولیس نے کارروائی شروع کی ہے۔ دریں اثنا پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی۔
اسی دوران جموں کے بشنا علاقے میں چلتی بس سے گر کر نوجوان کی موت واقع ہوئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق بشنا جموں میں اس وقت سنسنی کاماحول پھیل گیا جب چلتی گاڑی سے نوجوان پیر پھسل جانے کی وجہ سے نیچے گر آیا جس وجہ سے وہ شدید طورپر زخمی ہوا۔ معلوم ہواہے کہ آس پاس موجود لوگوں نے زخمی شخص کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا تاہم وہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔
متوفی کی شناخت بکرم لوکھوترا ولد موہن سنگھ ساکن بشنا کے بطور ہوئی ہے۔ دریں اثنا پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی۔