عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر زون، وی کے بردی نے اتوار کو کہا کہ یومِ عاشورہ کے موقع پر کشمیر بھر میں ذوالجناح کے جلوسوں کے پُرامن اور بااحترام انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے جموں و کشمیر پولیس کی جانب سے مکمل اور مؤثر انتظامات کیے گئے ہیں۔
بردی نے یہ بات سرینگر کے بٹہ کدل علاقے کے دورے کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، جہاں سے 10 محرم الحرام کا ذوالجناح جلوس آج صبح روانہ ہوا۔ بردی نے بتایا کہ سیکورٹی اور دیگر تمام لازمی انتظامات کو حتمی شکل دی جا چکی ہے۔
انہوں نے کہا، سرینگر پولیس نے یومِ عاشورہ کے پُرامن انعقاد کے لیے جامع انتظامات کیے ہیں، جبکہ ٹریفک پولیس نے مختلف راستوں پر ڈائیورژن اور ٹریفک ریگولیشن کے ذریعے گاڑیوں کی آسان نقل و حرکت کو بھی یقینی بنایا ہے۔
آئی جی پی نے مزید کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں کے درمیان ہم آہنگی کو برقرار رکھنے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ ٹریفک کی ڈائیورشنز اس انداز سے ترتیب دی گئی ہیں تاکہ شہریوں کو کم سے کم پریشانی ہو اور عاشورہ کا جلوس بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہے۔انہوں نے بتایا کہ دیگر علاقوں میں بھی مقامی جلوسوں اور مجالس کے لیے ٹریفک ریگولیشن پوائنٹس اور دیگر متعلقہ انتظامات کیے گئے ہیں۔
قابل ذکر ہے صبح کے وقت، ہزاروں عزادار بٹہ کدل میں جمع ہوئے تاکہ امام حسین علیہ السلام اور ان کے رفقاء کی کربلا میں شہادت کی یاد میں نکالے جانے والے ذوالجناح جلوس میں شرکت کریں۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا بھی جلوس میں شامل ہوئے اور روایتی چادر ذوالجناح پر چڑھائی، جس کے بعد جلوس کا آغاز ہوا۔اس موقع پر اعلیٰ پولیس اور سول انتظامیہ کے افسران بھی موجود تھے۔
یومِ عاشورہ: کشمیر بھر میں ذوالجناح کے جلوسوں کے پُرامن انعقاد کے لیے انتظامات مکمل: آئی جی پی
