بانہال// رام بن ضلع کے رامسو علاقے میں جموں سرینگر قومی شاہراہ پر زیرِ تعمیر ایک پل کے ستون سے گر کر 4 لین شاہراہ کی تعمیر کرنے والی کمپنی کے ایک مزدور کی موت واقع ہو گئی ہے۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ رامسو علاقے میں زیرِ تعمیر فلائی اوور کے ایک ستون سے کام کے دوران ایک مزدور گر کر شدید زخمی ہو گیا۔ اُنہوں نے بتایا کہ واقعے کے فوراً بعد زخمی مزدور کو فوری طور پر سب ضلع ہسپتال بانہال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
پولیس نے متوفی کی شناخت 26 سالہ محمد اسرایل ولد محمد اسماعیل ساکنہ بہار ریاست کے طور پر کی ہے۔
متوفی مزدور کے ساتھ موجود دیگر کارکنوں نے الزام لگایا کہ جموں سری نگر قومی شاہراہ پر پل کے ستونوں کی تعمیر کے دوران CEIGALL انڈیا لمٹیڈ نامی تعمیراتی کمپنی کی جانب سے حفاظتی اقدامات نہیں کیے گئے تھے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ جس مقام پر تعمیر ہو رہی ہے وہاں انجینئر اور سیفٹی ونگ کا کوئی بھی اہلکار موجود نہیں تھا۔
کارکنان نے مزدور کے اہلِ خانہ کی امداد کرنے اور لاش کو بہار میں اس کے گھر تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔
ادھر، پولیس نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی اور تفتیش شروع کر دی ہے۔
رام بن میں زیرِ تعمیر پل کے ستون سے گر مزدور جاں بحق