بانڈی پورہ// شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ علاقے میں ہفتہ کو جھلسنے کے باعث ایک غیر مقامی خاتون جاں بحق ہو گئی جبکہ شوہر کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ بیکن تنظیم کے ساتھ وابستہ ایک غیر مقامی جوڑا، جو سونر وانی علاقے میں تعینات تھا، آتشزدگی کے واقعے میں شدید زخمی ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ اس حادثے میں خاتون جاں بحق ہو گئی جبکہ شوہر زندگی اور موت کی کشمکش میں بانڈی پورہ کے ضلع ہسپتال میں زیر علاج ہے۔
ذرائع کے مطابق، گورکھپور کی رہائشی انجنی دیوی (30) جھلسنے کے باعث موقع پر ہی دم توڑ گئی، جبکہ ان کے شوہر رمیش کمار کی حالت انتہائی نازک ہے۔ واقعے کی وجوہات ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی ہیں۔
ضلع ہسپتال بانڈی پورہ کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر مسرت اقبال نے انجنی دیوی کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ رمیش کمار کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ جاں بحق خاتون کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
غیر مقامی خاتون جھلس کر جاں بحق، شوہر تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل
