پلوامہ// پولیس نے منگل کو بتایا کہ پلوامہ کے گڈورہ علاقے میں ایک خاتون خورشید بیگم زوجہ عبد الرحمان ڈار کی موت اس وقت واقع ہوئی جب اُس کے داماد نے بیوی کے ساتھ تکرار کے دوران انہیں دھکا دے دیا۔
پولیس کے مطابق، اس واقعے کا مقدمہ متعلقہ دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے اور خاتون کے داماد کو پلوامہ پولیس سٹیشن میں حراست میں لے لیا گیا ہے، جبکہ مزید تحقیقات کا عمل جاری ہے۔
پولیس کے بیان میں کہا گیا کہ “گزشتہ شام تقریباً 6 بجے خورشید بیگم زوجہ عبد الرحمان ڈار، رہائشی لو سوانی پلوامہ کو ضلع ہسپتال پلوامہ لایا گیا جہاں انہیں مردہ پایا گیا۔ خاتون اپنی بیٹی رفیقہ بانو کے گھر گڈورہ میں موجود تھی، جہاں بیٹی اور اس کے شوہر محمد اسلم میر کے درمیان تکرار ہو رہی تھی، اور خورشید بیگم بھی اس میں شامل ہو گئی”۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ “اس دوران ملزم نے خورشید بیگم کو دھکیل دیا جس کے نتیجے میں وہ گر کر بے ہوش ہو گئیں”۔
اس حوالے سے رفیقہ بانو (شکایت کنندہ) نے اپنے شوہر محمد اسلم میر کے خلاف تحریری شکایت دی، جس پر پلوامہ پولیس سٹیشن میں ایک مقدمہ ایف آئی آر نمبر 257/2024 درج کی گئی اور تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
گڈورہ میں خاتون کی موت داماد کے مبینہ تشدد کے باعث ہوئی: پولیس
