کولگام// جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے گُڈر علاقے میں دم گھٹنے کے واقعے کے بعد زیر علاج ماں 17 دن تک زندگی کی جنگ لڑنے کے بعد انتقال کر گئی۔ یہ واقعہ 2 جنوری کو پیش آیا تھا۔
سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ فمیدہ اختر، جو دم گھٹنے کی وجہ سے زیر علاج تھیں، آج دورانِ علاج انتقال کر گئیں۔
ان کے 25 سالہ بیٹے نثار احمد خان کا انتقال واقعے کے دو دن بعد ہوا تھا۔
رپورٹ کے مطابق، فمیدہ اختر اور ان کے بیٹے نثار احمد خان کو 2 جنوری کو اپنے گھر میں بخاری کی گیس کی وجہ سے بے ہوشی کی حالت میں پایا گیا تھا۔ انہیں فوراً قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں سے مزید علاج کے لیے سکمز صورہ منتقل کیا گیا تھا۔
عہدیدار کے مطابق، “بدقسمتی سے نثار احمد دو دن بعد جانبر نہ ہو سکا اور اُس کی ماں نے آج دم توڑ دیا”۔
رواں سال جموں و کشمیر میں دم گھٹنے کے مختلف واقعات میں ہونے والی اموات کی تعداد 20 تک پہنچ گئی ہے۔