محمد تسکین
بانہال// ٹول پلازہ بانہال کے قریب ایک تیز رفتار ٹرک کی زد میں آکر لمبڑ بانہال کی ایک خاتون لقمہ اجل بن گئی، جس کے بعد اس کے اہلِ خانہ نے احتجاج کیا۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ جموں سری نگر قومی شاہراہ پر بانہال ٹول پلازہ کے قریب ایک ٹرک کی زد میں آنے سے خاتون زخمی ہو گئی، جسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔
اُنہوں نے بتایا کہ ہسپتال پہنچتے ہی ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ متوفی خاتون کی شناخت آمنہ بیگم زوجہ محمد اقبال ساکن لمبڑ بانہال کے بطور ہوئی ہے۔
ادھر، واقع کے بعد مقامی لوگوں اور خاتون کے اہلِ خانہ نے احتجاج کرتے ہوئے متعلقہ ٹرک ڈرائیور کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا۔
اسی دوران پولیس نے اس سلسلے میں پولیس تھانہ بانہال میں ایک مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔