عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اتوار کو کہا کہ سائنس، ٹکنالوجی اور تحقیق میں خواتین کی فعال شرکت ملک کو ایک عالمی اختراعی پاور ہاوس کے طور پر تشکیل دے سکتی ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر سنہا نے ‘جموں کشمیر ویمن سائنس کانگریس 2024’ سے خطاب کرتے ہوئے کہا، “جموں و کشمیر میں، ہم نے سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی (STEM) کے مضامین کی تمام سطحوں پر صنفی فرق کو ختم کرنے کی مسلسل کوششیں کی ہیں۔ آج، مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے کہ ہماری بیٹیاں جدت اور تبدیلی کو آگے بڑھا رہی ہیں”۔
ویمن سائنس کانگریس جموں یونیورسٹی کی طرف سے سائنس، ٹیکنالوجی اور اختراعات میں خواتین کے لیے قائدانہ انداز کو تبدیل کرنے کے لیے ایک منفرد اقدام ہے۔
سنہا نے کہا، “میں پختہ یقین رکھتا ہوں کہ سائنس، ٹیکنالوجی اور تحقیق میں خواتین کی فعال شرکت بھارت کو ایک عالمی اختراعی پاور ہاوس کے طور پر بنا سکتی ہے”۔
سنہا نے مزید کہا، “جموں و کشمیر میں خواتین کی قیادت میں ترقی ہمارا بنیادی مقصد ہے۔ اس مقصد کو حاصل کرنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے“۔
اُنہوں نے کہا، “ہمیں خواتین سائنسدانوں اور ٹیک لیڈروں پر فخر ہے۔ خلا سے مصنوعی ذہانت تک، کاروبار سے لے کر صحت کی دیکھ بھال تک، تعلیم سے جدت تک، زراعت سے تحقیق تک، ناری شکتی رکاوٹوں کو توڑ رہی ہے اور نئی نسل کو متاثر کر رہی ہے”۔