اشتیاق ملک
ڈوڈہ // ڈوڈہ ضلع کی سب ڈویژن گندوہ کے سرلہ سمائی علاقے میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا جہاں ایک خاتون دھنکڑ نالہ میں سیلابی ریلے کی زد میں آکر بہہ گئی۔
اطلاعات کے مطابق آج شام تقریباً ساڑھے چار بجے روبینہ بیگم زوجہ امتیاز احمد، ساکنہ دھنکڑ سمائی گھاس کاٹنے کے دوران نالہ کے قریب پہنچی جہاں پاؤں پھسلنے سے وہ پانی میں گر گئیں اور تیز سیلابی ریلہ انہیں بہا لے گیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ موقع پر جمع ہوگئے اور پولیس کے ساتھ مل کر فوری طور پر تلاش کی کارروائی شروع کر دی گئی۔ خاتون کی تلاش کے لیے مقامی رضاکار بھی پولیس کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔
پولیس نے کہا ہے کہ لاپتہ خاتون کو تلاش کرنے کے لیے بھرپور کوششیں جاری ہیں اور جیسے ہی مزید معلومات دستیاب ہوں گی، عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔