سرینگر// جموں و کشمیر اسٹیٹ الائیڈ اینڈ ہیلتھ کیئر کونسل کے چیئرپرسن کے دفتر نے پیرا میڈیکل تربیتی اداروں کے لیے موسم سرما کی تعطیلات کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔
سرکاری سرکلر کے مطابق، کشمیر صوبہ کے تمام پیرا میڈیکل ادارے بشمول پیرا میڈیکل کالجز یکم جنوری 2025 سے 28 فروری 2025 تک تعطیلات منائیں گے، جبکہ جموں صوبہ میں یہ تعطیلات یکم جنوری 2025 سے 15 جنوری 2025 تک رہیں گی۔
سرکلر میں کہا گیا ہے کہ یہ شیڈول حکومت کی جانب سے جاری کردہ سالانہ سرگرمی کیلنڈر کے مطابق ہے۔
مزید یہ واضح کیا گیا ہے کہ تعطیلات کے دوران طے شدہ امتحانات اپنے مقررہ وقت پر ہی منعقد ہوں گے۔ اداروں کے سربراہان کو اس ہدایت پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سرکلر میں یہ بھی وضاحت کی گئی ہے کہ یہ تعطیلات تدریسی اور غیر تدریسی عملے یا ان طلباء پر لاگو نہیں ہوں گی جو کلینیکل پوسٹنگز میں مصروف ہیں۔ کونسل نے تمام اداروں کو ان احکامات پر سختی سے عمل کرنے کی تاکید کی ہے۔
جموں و کشمیر میں پیرا میڈیکل اداروں کے لیے سرمائی تعطیلات کا اعلان
