عظمیٰ ویب ڈیسک
چنینی// مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے چنانی میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کو دفن کر دیا گیا ہے اور اسے دوبارہ سر اٹھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
دہشت گردی سے پاک خطہ کا وعدہ کرتے ہوئے شاہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس اور کانگریس کا اتحاد اگر اقتدار میں آیا تو وہ پاکستان کا ایجنڈا مسلط کرے گا۔
امیت شاہ، جو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی انتخابی مہم کی قیادت کر رہے ہیں، نے کہا کہ جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات دفعہ 370 کے بغیر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کی قیادت والی حکومت نے اگست 2019 میں آرٹیکل 370 کو منسوخ کر کے پارٹی کے بانی شیاما پرساد مکھرجی کا خواب پورا کیا۔
شاہ نے کہا کہ جو کوئی بھی جموں و کشمیر میں دہشت گردی پھیلائے گا، اسے پھانسی پر لٹکایا جائے گا۔ شاہ نے کہا، “میں آپ سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ کیا (پارلیمنٹ حملہ کے مجرم) افضل گورو کو پھانسی دی جانی چاہیے تھی یا نہیں؟ این سی-کانگریس اب کہہ رہے ہیں کہ اسے پھانسی نہیں دی جانی چاہیے تھی…”
انہوں نے مزید کہا، “یہ لوگ پتھر بازوں اور دہشت گردوں کو رہا کرنا چاہتے ہیں۔ عمر عبداللہ نے یہ خواب چھوڑ دیے ہیں کیونکہ اب وہ ایسا نہیں کر سکتے۔ عدالتوں کا کام ہے اور ہم نے ایسے قوانین بنائے ہیں کہ اب کوئی پتھر پھینکنے کی جرأت نہیں کرے گا”۔
وزیر داخلہ نے اُودھم پور ضلع کے چنینی علاقے میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ آج اُودھم پور، کٹھوعہ اور جموں اضلاع میں پانچ جلسوں سے خطاب کریں گے۔
جموں و کشمیر میں انتخابات کا تیسرا اور آخری مرحلہ یکم اکتوبر کو ہوگا۔ ووٹوں کی گنتی 8 اکتوبر کو ہو گی۔