عظمیٰ ویب ڈیسک
حیدرآباد/ مرکزی وزیر مملکت برائے امور داخلہ بندی سنجے کمار نے کہا کہ مسلمانوں کو پسماندہ طبقات (بیکورڈ کلاسز) کی فہرست میں شامل کرنا کسی بھی صورت میں قبول نہیں کیا جائے گا اور خبردار کیا کہ اگر ایسا کیا گیا تو پورا ہندو سماج بغاوت کرے گا۔
بی جے پی لیڈر نے کہا کہ مسلمانوں کو بیکورڈ فہرست میں شامل کرنے سے پسماندہ طبقات کو ان کے جائز ریزرویشن سے محروم کر دیا جائے گا۔ وہ تلنگانہ میں کانگریس حکومت کی جانب سے بیکورڈ کلاسز کے لیے 42 فیصد ریزرویشن کا بل اسمبلی میں منظور کرانے اور اسے پارلیمنٹ میں مرکزی حکومت کے پاس بھیجنے کے فیصلے پر ردعمل دے رہے تھے۔
بندی سنجے نے زور دے کر کہا کہ بی جے پی مذہب کی بنیاد پر ریزرویشن کے سخت خلاف ہے۔ انہوں نے کہا، کانگریس اس حقیقت سے واقف ہونے کے باوجود اسے مرکز پر مسلط کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جو کہ سراسر بیوقوفی ہے۔ ایک بات واضح ہے کہ کانگریس بیکورڈ کلاسز ریزرویشن پر مخلص نہیں ہے۔ مسلمانوں کو پسماندہ طبقات کے زمرے میں شامل کرنے سے پسماندہ طبقات ان کے حق سے محروم ہو جائیں گے۔ اگر مسلمانوں کو پسماندہ طبقات کے زمرے میں شامل کیا گیا تو پورا ہندو سماج بغاوت کرے گا۔ کانگریس کو ایم ایل سی انتخابات میں اس کے نتائج بھگتنے پڑیں گے۔