عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر// الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) نے پیر کو کہا کہ وہ سیکورٹی صورتحال اور دیگر انتخابات کو مدنظر رکھتے ہوئے صحیح وقت پر جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے انعقاد کے بارے میں فیصلہ لیں گے اور اس سے متعلق مطلع کریں گے۔
پانچ ریاستوں میں ہونے والے انتخابات کے بارے میں پریس کے دوران جموں و کشمیر کے انتخابات کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے، چیف الیکشن کمشنر (سی ای سی) راجیو کمار نے کہا، “ہم جموں و کشمیر میں سیکورٹی اور دیگر انتخابات کو مدنظر رکھتے ہوئے ، جو (UT) میں ہونے والے ہیں، صحیح وقت پر اسمبلی انتخابات کے انعقاد کے بارے میں مطلع کریں گے”۔
ای سی آئی نے پانچ ریاستوں – چھتیس گڑھ، میزورم، مدھیہ پردیش، تلنگانہ اور راجستھان کے لیے انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کیا۔ انتخابات 7 نومبر کو شروع ہوں گے اور گنتی 5 دسمبر کو ہوگی۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ جموں و کشمیر 5 اگست 2019 سے صدر راج کے تحت ہے جب مرکز نے دفعہ 370 کو ختم کیا اور سابقہ ریاست کو دو مرکز کے زیر انتظام علاقوں- جموں و کشمیر اور لداخ میں تقسیم کر دیا۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے پارلیمنٹ کے فلور پر کہا ہے کہ حالات معمول پر آنے کے بعد جموں و کشمیر میں ریاست کا درجہ بحال کر دیا جائے گا۔ جموں و کشمیر میں آخری اسمبلی انتخابات 2014 میں ہوئے تھے۔
نیشنل کانفرنس، کانگریس اور جموں و کشمیر اپنی پارٹی سمیت کئی سیاسی جماعتیں فوری طور پر جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ بحال کرنے کا مطالبہ کر رہی ہیں تاکہ یو ٹی میں انتخابات کرائے جائیں۔