سونمرگ// وزیراعظم نریندر مودی نے پیر کے روز کہا کہ انہوں نے جموں و کشمیر کے عوام سے جو وعدے کیے ہیں وہ پورے کریں گے اور صحیح وقت پر صحیح فیصلے ہوں گے۔ وزیراعظم نے یہ بات اس وقت کہی جب وہ سٹریٹیجک طور پر اہم زیڈ موڑ ٹنل کا افتتاح کرنے کے بعد عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔
وزیراعظم کا یہ بیان اس وقت آیا جب تقریب کے دوران وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے جموں و کشمیر کا ریاست کا درجہ بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔
وزیراعظم مودی نے اس مطالبے کا براہ راست ذکر کیے بغیر کہا، “آپ کو یقین رکھنا ہوگا کہ یہ مودی ہے اور مودی اپنے وعدے پورے کرتا ہے۔ ہر چیز کا ایک صحیح وقت ہوتا ہے اور صحیح فیصلے صحیح وقت پر ہوں گے”۔
انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر ملک کا تاج ہے اور وہ اسے خوبصورت اور خوشحال دیکھنا چاہتے ہیں۔
مودی نے کہا، “جموں و کشمیر میں امن کا ماحول ہے اور ہم نے اس کے مثبت اثرات سیاحت پر دیکھے ہیں۔ آج کشمیر ترقی کی ایک نئی داستان رقم کر رہا ہے”۔
وزیراعظم نے یہ بھی بتایا کہ کشمیر جلد ہی ریل کے ذریعے مربوط ہوگا اور عوام اس حوالے سے پرجوش ہیں۔
انہوں نے اکتوبر گزشتہ سال زیڈ موڑ سرنگ کے قریب دہشت گردی کے حملے میں جاں بحق ہونے والے سات افراد کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
2,700 کروڑ روپے کے اس منصوبے کا افتتاح کرنے کے بعد وزیراعظم نے سرنگ کے اندر جا کر منصوبے کے افسران سے بات چیت کی اور سخت حالات میں کام مکمل کرنے والے تعمیراتی مزدوروں سے بھی ملاقات کی۔
اس موقع پر مرکزی وزیر نتن گڈکری، جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور وزیراعلیٰ عمر عبداللہ بھی موجود تھے۔
یہ جموں و کشمیر میں وزیراعظم مودی کا گزشتہ سال ستمبر-اکتوبر میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے بعد کا پہلا دورہ تھا۔
6.5 کلومیٹر طویل دو لین والی دو طرفہ سرنگ جو گگن گیر اور سونمرگ کے درمیان وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع میں واقع ہے، ایک 7.5 میٹر چوڑی متوازی ایمرجنسی راستے سے بھی لیس ہے۔
سطح سمندر سے 8,650 فٹ کی بلندی پر واقع یہ سرنگ سری نگر اور سونمرگ کے درمیان موسم کے اثرات سے محفوظ رابطہ فراہم کرے گی اور پسیاں گرنے اور برفانی تودوں کے خطرات والے راستوں سے بچائے گی۔
یہ ٹنل سونمرگ کے لیے سال بھر کی کنیکٹیویٹی فراہم کرکے سیاحت کو بھی فروغ دے گی۔
تمام وعدے پورے کریں گے، صحیح فیصلے مناسب وقت پر ہوں گے: وزیراعظم
