عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// چیف الیکشن کمشنر آف انڈیا راجیو کمار نے بدھ کو کہا کہ کمیشن لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات کے انعقاد کے بارے میں فکر مند ہے لیکن اس بارے میں حتمی فیصلہ سیکورٹی ایجنسیوں اور سیاسی جماعتوں سے مکمل مشاورت کے بعد لیا جائے گا کہ آیا دونوں انتخابات ایک ساتھ ہو سکتے ہیں یا نہیں، تاہم انتخابات جلد ہی بغیر کسی تاخیر کے ہوں گے۔
اُنہوں نے کہا، “ہم جموں و کشمیر میں لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات کے بارے میں فکر مند ہیں”۔
سی ای سی راجیو کمار نے جموں میں میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ ہم نے سرینگر اور جموں میں ملاقات کی زیادہ تر سیاسی جماعتوں نے مطالبہ کیا کہ اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات ایک ساتھ کرائے جائیں۔
اُنہوں نے مزید کہا، ” جہاں تک لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات ایک ساتھ منعقد کرنے کا تعلق ہے، ہم مکمل سیکورٹی کا جائزہ لینے اور سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کریں گے۔ ایک بات یقینی ہے کہ ہم جموں و کشمیر میں قبل از وقت لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات چاہتے ہیں”۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات پرامن طریقے سے ہوں گے۔
سی ای سی نے کہا کہ جموں و کشمیر میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات ہوں گے۔